دنیا
Time 21 اکتوبر ، 2017

بھارت نے پاکستان سے کلبھوشن کے معاملے پر نظر ثانی کا مطالبہ کردیا

نئی دلی: بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے کلبھوشن کے معاملے پر پاکستان سے نظر ثانی کا مطالبہ کردیا ہے۔

پاکستانی فورسز نے بھارتی جاسوس کلبھوش یادیو کو 3 مارچ 2016کو بلوچستان سے گرفتار کیا تھا جس نے بھارتی ایجنٹ ہونے اور جاسوسی کا اعتراف کیا تھا جب کہ فوجی عدالت نے اسے سزائے موت کا حکم دیا ہے جس پر بھارت یہ معاملہ عالمی عدالت لے جاچکا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات پربات چیت ہوئی۔

بھارتی اخبار کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات کے دوران بھارتی وزیر خارجہ نے کلبھوشن یادیو کے معاملے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔

بھارتی اخبار کے مطابق بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود بھارتی مشیر قومی سلامتی اجیت دوال اورسیکریٹری خارجہ جے شنکر سے بھی چند روزمیں ملاقات کریں گے۔

واضح رہےکہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کے عہدہ چھوڑنے کے بعد سہیل محمود نے پچھلے ماہ چارج سنبھال لیا ہے اور پاکستانی ہائی کمشنرکی بھارت میں اعلیٰ سطح پر یہ پہلی ملاقات ہے۔

مزید خبریں :