پاکستان
Time 21 اکتوبر ، 2017

سلمان مجاہد ایم کیوایم سے خارج، پارٹی میں گروپ بندی کا الزام لگا دیا


کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کردی جس کے بعد سلمان مجاہد پارٹی پر پھٹ پڑے۔

ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے تنظیمی ڈسیپلینری کمیٹی کی سفارش پررکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کو تنظیمی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیوں کی بنیاد پر بنیادی رکنیت سے خارج کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہےکہ کارکنان و ذمہ داران کو مطلع کیا جاتا ہے کہ سلمان مجاہد کا اب ایم کیوایم پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ ان سے جلد قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفی لے لیا جائے گا۔

دوسری جانب سلمان مجاہد بلوچ نے جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران رابطہ کمیٹی کا فیصلہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے پارٹی سے کوئی نہیں نکال سکتا، ایم کیوایم کسی کے باپ کی جاگیر نہیں‘۔

سلمان مجاہد نے کہا کہ پارٹی میں تقسیم موجود ہے، فاروق ستار، کامران ٹیسوری، کنور نوید، خواجہ سہیل اور ان کے رفقا کا الگ گروپ ہے جب کہ عامر خان، فیصل سبزواری اور خواجہ اظہار کا الگ گروپ ہے۔

سلمان مجاہد کا کہنا تھا کہ ارم عظیم فاروقی کی پارٹی میں واپسی کی مخالفت فاروق ستار، کنور نوید اور کامران ٹیسوری کو گراں گزاری اور مجھے نکالنے کی وجہ بنی، ارم عظیم کو نکالنے کا بدلا مجھ سے لیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں مزید رازوں سے پردہ اٹھاتا جاؤں گا، ابھی مجھے اور اہل خانہ کی زندگی اور شدید خطرات لاحق ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز ارم عظیم فاروقی کا کہنا تھا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی، میں ہر جگہ گھومتی ہوں آجائیں اور مجھے دیکھ لیں۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار پارٹی میں دھڑے بندی کی خبروں پر برہم ہوئے تھے اور اس کی تردید کی تھی۔

مزید خبریں :