پاکستان
Time 21 اکتوبر ، 2017

ٹورنٹو میں پی آئی اے کے طیارے سے ری فیول گاڑی ٹکرا گئی

ٹورنٹو ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائن پی آئی اے کے طیارے سے ری فیول گاڑی ٹکرا گئی جس سے طیارے کو نقصان پہنچا۔

ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کے مطابق کینیڈا کے ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی کے 798 کے انجن سے تیل بھرنے والی گاڑی طیارے میں تیل کی فراہمی کے دوران ٹکرائی جس سے طیارے کو نقصان پہنچا جس کے بعد طیارے کو ضروری مرمت کے لیے ہینگر میں پہنچا دیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ٹورنٹوایئرپورٹ پرپی آئی اے کو سروس فراہم کرنی والی کمپنی کوآگاہ کردیا گیا ہے اور واقعے سے متعلق مقامی کمپنی سے وضاحت بھی طلب کر لی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق پرواز پی کے 798 نے ٹورنٹو سے لاہور آنا تھا اور اب پرواز کی روانگی میں 16 گھنٹے کی تاخیر متوقع ہے جس کے باعث پرواز پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے روانہ ہوگی۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ تاخیر کی وجہ سے مسافروں کو ہوٹل میں رہائش فراہم کردی گئی جب کہ زحمت اور تاخیر پر پی آئی اے مسافروں سےمعذرت خواہ ہے۔

مزید خبریں :