پاکستان
Time 21 اکتوبر ، 2017

ترکی کے دشمن کو پاکستان کا دشمن سمجھتے ہیں، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترک ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے

استنبول: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے ترک ہم منصب بن علی یلدرم سے ملاقات کر کے تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

پاکستانی اور ترک وزرائے اعظم کی ملاقات گزشتہ روز ڈی ایٹ سربراہ کانفرنس کے موقع پر ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی اور  اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 9 ویں ڈی ایٹ سربراہ کانفرنس کی کامیاب میزبانی اور چیئرمین شپ سنبھالنے پر ترک ہم منصب کو مبارکباد بھی دی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی قریبی دوست اور شراکت دار ہیں اور دونوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ہر مشکل گھڑی میں ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکی کے دوستوں کو اپنا دوست اور دشمنوں کو اپنا دشمن سمجھتا ہے اور ہم کبھی بھی اپنی سرزمین ترکی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارایت کیلئے جدوجہد کرنے والے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت کرنے پر ترکی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے روہنگیا مسلمانوں اور فلسطینیوں کیلئے آواز اٹھانے پر بھی ترکی کی تعریف کی۔

افغانستان کی صورت حال کے حوالے سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترکی کے تعمیری کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے ترکی کی جانب سے پاکستان، ترکی اور افغانستان کے درمیان سہہ فریقی مذاکرات کے انعقاد کو بھی سراہا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شام میں جاری خانہ جنگی کا سیاسی حل تلاش کرنے کی کوششوں اور لاکھوں مہاجرین کی میزبانی کرنے میں ترکی کے کردار کو سراہا۔

مزید خبریں :