پاکستان
Time 21 اکتوبر ، 2017

کراچی میں دہشتگردی کی کوشش ناکام، گاڑی سے راکٹس اور بارودی سرنگیں برآمد

کراچی: نیو کراچی صنعتی علاقے میں پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران لوڈنگ پک اپ سے راکٹس اور بارودی سرنگیں برآمد کرکے کالعدم تحریک طالبان کے 2 کارندے گرفتار کرلیے۔

ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ نے جیونیوز کو بتایاکہ کراچی کے علاقے نیو کراچی صنعتی علاقے میں پولیس ٹیم نے اسنیپ چیکنگ کے دوران لوڈنگ پک اپ سے کپڑے کے ڈھیر میں چھپے 3 راکٹس، 5 بارودی سرنگیں، ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کرلیں۔

ایس ایس پی کے مطابق کارروائی کے دوران گاڑی میں موجود 2 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا جن کی شناخت محمد سلطان اور عبدالرحمان عرف شاکر کے نام سے ہوئی ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے اور ان سے برآمد لوڈنگ پک اپ شریف آباد سے کچھ روز قبل چوری کی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان راکٹ اور بارودی سرنگیں کراچی میں دہشت گردی کی بڑی واردات کرنے کی نیت سے لے کر آئے تھے۔

مزید خبریں :