دنیا
Time 21 اکتوبر ، 2017

بھارت میں دو ماہ کے دوران تیسرے صحافی کا قتل

غازی پور: بھارتی ریاست اترپردیش میں ہندی اخبار سے تعلق رکھنے والے صحافی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

گزشتہ ماہ بھارتی ریاست تری پور کے دارالخلافہ اگرتلہ میں بھی ایک مظاہرے کے دوران مشتعل ہجوم نے شنتنا بھومک نامی صحافی کو تشدد کے بعد قتل کردیا تھا۔

اس سے قبل بھارت کی سینیر خاتون صحافی گوری لنکیش کو بھی بنگلورو میں ان کی رہائشگاہ کے باہر گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔

اس طرح بھارت میں 2 ماہ کے دوران صحافیوں کے قتل کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق ہندی اخبار دینک جگران سے منسلک راجیش مشرا اترپردیش کے ضلع غازی پور میں اپنے بھائی کی دکان پر بیٹھے تھےکہ موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں 38 سالہ راجیش مشرا موقع پر  ہلاک جب کہ ان کا بھائی امیتابھ مشرا شدید زخمی ہو گیا۔

غازی پور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امیتابھ مشرا نے جب فائرنگ کی آواز سنی تو وہ فوراً دکان پر پہنچا اور اپنے بھائی کو بچانے کی کوشش کی لیکن حملہ آوروں نے ان پر بھی فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لاء اینڈ آرڈر  آنند کمار کا کہنا ہے کہ حملے سے متعلق اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

دوسری جانب بھارت میں صحافیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم کی رپورٹ کے مطابق 1990 سے اب تک بھارت میں 30 صحافیوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔

مزید خبریں :