پاکستان
Time 21 اکتوبر ، 2017

’بلاول اور آصف زرداری نوازشریف سے نہیں ملیں گے‘

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ ان حالات میں بلاول اور آصف زرداری نوازشریف کی مدد نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو موجودہ سیاسی صورتحال اور حالات میں نوازشریف کی مدد کریں گے اور نہ ہی ان سے ملیں گے، اگر ایسا کریں گے تو ایک غلط پیغام جائے گا۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سیاسی مفاہمت پر یقین کیا لیکن نوازشریف پیچھے ہٹے۔

ان کا کہنا تھاکہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری قانون کے مطابق معاملات کا حل چاہتے ہیں تاہم اس تمام صورتحال میں جمہوریت کو کوئی خطرہ ہوا تو پیپلزپارٹی سامنے آئے گی۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ فیئر ٹرائل نوازشریف سمیت ہر شہری کا حق ہے، اگر نوازشریف کو کوئی تحفظات ہیں کہ قانون پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد نہیں ہورہا تو وہ عدالت جاسکتے ہیں۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ جو لوگ پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر گئے انہیں جلد اپنی غلطی کا احساس ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے نوازشریف کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مزید خبریں :