کھیل
Time 21 اکتوبر ، 2017

آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے سرفراز احمد کا بیان ریکارڈ کر لیا

دبئی: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی جانب سے بکیز کی پیش کش کا بیان سامنے آنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے ان کا بیان ریکارڈ کر لیا۔

دبئی میں آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے بکیز کے رابطے کے حوالے سے تفصیلی انٹرویو کیا۔

اینٹی کرپشن یونٹ نے سرفراز احمد سے پوچھا کہ آپ مبینہ فکسر کو کب سے جانتے ہیں؟

سرفراز احمد سے یہ بھی پوچھا گیا کہ پہلے کبھی مبینہ فکسر سے لین دین کیا؟

تحقیقات کاروں نے یہ سوال بھی کیا کہ کیا آپ نے مبینہ فکسرکا کبھی کوئی تحفہ قبول کیا؟

سرفراز احمد نے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیے جو انہوں نے ریکارڈ کر لئے۔

یاد رہے کہ سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں جاری سیریز کے دوسرے میچ سے قبل سرفراز احمد کو مبینہ طور پر عرفان نامی شخص کی جانب سے اسپاٹ فکسنگ کی پیش کش کی گئی تھی۔

سرفراز احمد نے فوری طور پر اس کی اطلاع پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو دی تھی جس کی اطلاع بورڈ حکام نے فوری طور پر آئی سی سی کو دی تھی۔

مزید خبریں :