پاکستان
Time 22 اکتوبر ، 2017

عمران خان اقتدار حاصل کرنے کیلے ہر ہتھکنڈا استعمال کرنا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو

پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے سیاست اور اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے۔

پشاور کے علاقے زنگلی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں کو ان کا حق دلوایا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہی 18 ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو ان کے جائز حقوق دلوائے اور عوام کی خواہش کے مطابق صوبے کا نام خیبر پختونخوا رکھا گیا۔

بلاول بھٹو نے چیرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا کے عوام اور وسائل کو پنجاب کی سیاست کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے پیسوں سے ہی عمران خان کا کچن اور جہانگیر ترین کا جہاز چلتا ہے اور سب الزامات میں نہیں بلکہ ان کے اپنے ہی ساتھیوں نے لگائے۔

چیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کے تبدیلی کے دعوے جھوٹے ہیں اور خان صاحب ہر قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے صرف اقتدار پر قابص ہونا چاہتے ہیں۔ 

انہوں نے خان صاحب نے امپائر کی انگلی کی طرف دیکھتے دیکھتے اپنی آنکھوں کی بینائی کم کر دی ہے، وہ چاہتے ہیں کہ امپائر کی انگلی اٹھے اور وہ ناچنا شروع کر دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پوری دنیا میں کرپشن کے خلاف اعلان کی باتیں کرتے ہیں لیکن ان کے اپنے صوبے میں میگا کرپشن کے خلاف کیوں تحقیقات نہیں کی جا رہیں؟ خیبر بینک اور مائننگ کے میگا اسکینڈل سامنے آئے، کہاں گیا پی ٹی آئی کا احتساب کمیشن؟

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان جن لوگوں کو کرپٹ کہتے تھے آج وہی لوگ عمران خان کے ارد گرد کھڑے ہیں۔ خان صاحب کے اپنے ہی ساتھی کہہ رہے ہیں کہ تبدیلی کے نعرے لگاتے لگاتے پی ٹی آئی خود تبدیل ہو گئی ہے۔

چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہتری کے عمران خان کے دعوے بھی جھوٹے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نجی اسکولوں سے بچے اٹھا کر سرکاری اسکولوں میں لانے کا ثبوت دیا جائے اور کوئی ایک مثال دی جائے کہ سرکاری اسکولوں کے بچوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہو۔

انہوں نے کہا سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری کی باتیں کی جا رہیں جس کے خلاف اساتذہ اور عوام سراپا احتجاج ہیں۔

چیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سرکاری اسپتالوں کی حالت بھی ابتر ہے جہاں مریضوں کو کسی قسم کی طبی سہولیات میسر نہیں ہیں جب کہ ینگ ڈاکٹرز بھی اپنے حقوق کے لئے احتجاج کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کی ترقی کے دعوے بھی کھوکھلے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کہتے ہیں کہ ملک ترقی کر رہا ہے لیکن جہاں ترقی ہو تو وہاں روزگار کے مواقع ملتے ہیں اور عوام کی معاشی حالت بہتر ہوتی ہے، یہاں تو ملک کا کوئی ایک طبقہ بھی حکومت کی پالیسیوں سے خوش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا تو برا حال ہے البتہ شریف خاندان خوشحال ہو رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ دونوں نام نہاد بڑی جماعتیں آمروں کی گود میں پلی بڑھی ہیں اور ان کے رہنما پاکستان کو ترقی پسند نہیں بنانا چاہتے۔ یہ لوگ نہیں چاہتے کہ دولت اوروسائل کی منصفانہ تقسیم ہو اور ملک ترقی کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے سیاست اور اخلاقیات کا جنازہ نکال کر رکھ دیا ہے، دونوں جماعتیں ذاتی اقتدار کی سیاست کرتی ہیں جب کہ پیپلز پارٹی حقیقت میں عوام کی سیاست کرتی ہے اور ہم اقتدار میں آ کر حق داروں کو ان کا جائز حق دیں گے۔

مزید خبریں :