کھیل
Time 22 اکتوبر ، 2017

پولیس افسر کی گاڑی کو اوور ٹیک کرنے پر کرکٹر عامر یامین کو تھانے کی ہوا کھانا پڑ گئی

ٹوبہ ٹیک سنگھ: قومی کرکٹر عامر یامین کو اعلی افسر کی گاڑی کو اوور ٹیک کرنے پر  پولیس نے حراست میں لے لیا اور انہیں 2 گھنٹے تک تھانے میں رکھنے کے بعد چھوڑا گیا۔

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے قومی ٹیم میں شامل کرکٹر دبئی روانگی کے لئے ملتان سے فیصل آباد جا رہے تھے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب مقامی ڈی پی او کی گاڑی کو اوور ٹیک کرنے پر پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔

عامر یامین نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے کل (پیر) کو دبئی کے لیے روانہ ہونا ہے۔

پولیس اہلکاروں نے عامر یامین کو گرفتار کرکے تھانہ گوجرہ سٹی منتقل کیا جہاں ان سے دو گھنٹے سے زائد پوچھ گچھ کی گئی۔

جیو نیوز کے معاملہ اٹھانے کے بعد قومی کرکٹر کو رہا کیا گیا۔

دوسری جانب ایس ایچ او تھانا سٹی محمدیار نے بتایا کہ عامر یامین کو آئندہ احتیاط سے گاڑی چلانے کی تنبیہ کر کے چھوڑ دیا گیا۔

عامر یامین نے واقعے سے فوری طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو آگاہ کیا جس پر پی سی بی نے ایکشن لے کر کارروائی شروع کر دی ہے۔

مزید خبریں :