پاکستان
Time 22 اکتوبر ، 2017

نواز شریف کی وکٹ گری اب زرداری کی باری ہے، عمران خان

فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان سندھ کا ہوا۔

سیہون میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سیہون کے لوگوں کا جذبہ اور شعور دیکھ کر خوشی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاناما کے بعد اب لوگوں کو سمجھ آ گئی ہے کہ کرپشن نے ہماری معیشت کو کس قدر زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن اور زرداری ایک ہی نام ہے اور کرپشن کے باعث سب سے زیادہ نقصان سندھ کا ہوا۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اقتدارمیں آ کرلوٹ مارکرنے کو کرپشن کہتے ہیں اور کرپشن کی وجہ سے ہرچیز پرٹیکس لگایا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں چوری کی وجہ سے 32 سو ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے اور اگر ہم ایف بی آر اور نیب کو ٹھیک کر لیں تو ہمارے پاس ملک چلانے کیلیے پیسا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال میں 4 ہزار ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے جب کہ امریکی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے ہر سال ایک ہزار ارب روپے کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب پرویز مشرف نے حکومت چھوڑی تو ہر پاکستانی پر 35 ہزار روپے کا مقروض تھا لیکن دو ڈاکوؤں نے 9 سال کے عرصے میں ہر پاکستانی کا قرضہ 35 ہزار سے ایک لاکھ 20 ہزار تک پہنچا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایشین ٹائیگر بنانے کے نام پر قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں اور انہوں نے قوم کو مقروض بنا کر اپنے خاندان کو ایشین ٹائیگر بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر حدیبیہ پیپر ملز کا کیس ہے جسے فوری طور پر دوبارہ کھولا جانا چاہیئے کیونکہ قوم احتساب چاہتی ہے چاہے وہ نواز شریف ہو، شہباز یا آصف زرداری۔ نواز شریف کے بعد بہت سے دوسرے لوگ بھی کہیں گے کہ ہمیں کیوں نکالا۔

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ آصف ز رداری نے اقتدار میں آکر 19 شوگر ملیں بنائیں اور آج اس کی پیرس، دبئی اور لندن میں جائیدادیں ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ زرداری کو اس وقت سے جانتا ہوں جب یہ بمبینو سینما کے ٹکٹ بلیک کرتا تھا اور آج اس کی اربوں روپے کی جائیدائیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈاکو پاکستان میں پیسے اس لئے نہیں رکھتے کہ پکڑے جائیں گے۔

عمران خان نے آصف زرداری کے حوالے سے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ عزیر بلوچ نے آصف زرداری کے کہنے پر لوگوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ نے کہا تھا وہ بھتہ لے ہر ماہ ایک کروڑ روپے فریال تالپور کو بھیجا کرتا تھا اور عزیر بلوچ نے اویس مظفر ٹپی کے ساتھ مل کر 14 شوگر ملوں پر قبضے کا اعتراف بھی کیا۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جتنی غربت اندرون سندھ میں دیکھی اتنی پورے ملک میں نہیں دیکھی اور سندھ کی پولیس غریبوں کو ڈرانے اور انہیں غلام بنانے کے لئے استعمال ہوتی ہے لیکن ہم اقتدار میں آکر صوبے کی پولیس کو خیبر پختونخوا کی پولیس جیسا بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں اقتدار سنبھالا تو حالات بہت مشکل تھے لیکن ہم نے سب سے پہلے پولیس کو غیر سیاسی بنا کر میرٹ پر بھرتیاں کیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے پی کے پولیس کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے آج سندھ پولیس کے آئی جی اے ڈی خواجہ بھی کے پی کے پولیس جیسے اختیارات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

قبل ازیں شاہ محمود قریشی کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ سے زرداری کی حاکمیت کے خاتمے کا وقت آ چکا ہے، اب ’گوزرداری گو‘ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کی سب سے بڑی منچھر جھیل کبھی صاف پانی مہیا کرتی تھی لیکن آج آلودہ ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیہون وزیراعلیٰ سندھ کا ضلع ہے اور جو وزیراعلیٰ جھیل کی حفاظت نہ کر سکے وہ درودیوار کی حفاظت کیا کرے گا۔

وائس چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سیہون درگاہ پر ہونے والے دلخراش حملے کو ایک سال ہو چکا ہے لیکن آج تک ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے۔

شاہ محمود قریشی نے وزیراعلیٰ سندھ کو ناکام وزیراعلیٰ قرار دے دیا۔

مزید خبریں :