دنیا
Time 23 اکتوبر ، 2017

سعودی عرب اس وقت قطر سے بات کرنے پر آمادہ نظر نہیں آتا، ریکس ٹیلرسن

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان جاری تنازع میں فی الحال مذاکرات شروع ہونے کا امکان نہیں ہے۔

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن ان دنوں مشرق وسطیٰ اور ایشیا کے دورے پر ہیں جو سعودی عرب میں اہم ملاقاتوں کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحا پہنچے۔

ریکس ٹیلرسن نے قطری رہنماؤں سے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب اس وقت دوحا ریاض تنازع پر بات کرنے کے لیے آمادہ نظر نہیں آتا۔

خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ سعودی عرب اور قطر کے دورے کے بعد بھارت کے علاوہ پاکستان بھی آئیں گے جہاں علاقائی امور پر اہم بات چیت کا امکان ہے۔


اس سے قبل سعودی عرب کے دورے کے موقع پر اپنے سعودی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ  داعش کے خلاف جنگ اختتام کے قریب ہے اس لئے عراق میں لڑنے والی ایرانی ملیشیا اور غیر ملکی جنگجو واپس چلے جائیں۔

ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ عراق کے عوام کو موقع دیا جائے کہ وہ اپنے نظام کو دوبارہ اپنے اختیار میں لے سکیں۔

اس سے قبل ریکس ٹلرسن نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے بھی ملاقات کی، اس موقع پرعراقی وزیراعظم حیدرالعابدی بھی موجود تھے۔

مزید خبریں :