پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2017

سینئر صحافی طلعت حسین کیخلاف گھناؤنی سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ (آر آئی یو جے) نے مطالبہ کیا ہے کہ سینئر صحافی طلعت حسین کے خلاف سوشل میڈیا پر گھناؤنی مہم اور کردار کشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

آر آئی یو جے کی منتخب باڈی کا اہم اجلاس صدر مبارک زیب خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری علی رضا علوی، سینئر اینکر پرسن حامد میر، کاشف عباسی اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سینئر اینکرپرسن سید طلعت حسین کے خلاف سوشل میڈیا پر ان کی کردار کشی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ سینئر صحافی طلعت حسین کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں کا سراغ لگا کر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

اجلاس کے دوران شرکا نے خدشہ ظاہر کیا کہ سوشل میڈیا پر سینئر صحافی طلعت حسین کے خلاف کردار کشی کی مہم کے بعد دیگر صحافیوں پر بھی اس طرح کے گھٹیا پروپیگنڈے کے تحت کیچڑ اچھالا جاسکتا ہے۔ 

مزید خبریں :