دبنگ خان کورین فلم ' اوڈ ٹو مائی فادر' کا دیسی ورژن کریں گے

بالی وڈ دبنگ سلمان خان کورین فلم 'اوڈ ٹو مائی فادر' کے دیسی ورژن میں جلوہ گر ہوں گے۔

سلمان خان کے بہنوئی اور فلم ساز اتل اگنی تھوری مشہور کورین فلم 'اوڈ ٹو مائی فادر' کا دیسی ورژن بنانے جارہے ہیں جس میں انہوں نے اپنے سالے کو مرکزی کردار کے لئے کاسٹ کیا ہے۔

کورین فلم 'اوڈ ٹو مائی فادر' کے دیسی ورژن کی ہدایت کاری کے فرائض علی عباس ظفر انجام دیں گے جب کہ فلم کا نام 'بھرت' رکھا گیا ہے اور یہ فلم 2019 میں عید کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

فلم ساز اتل کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فلم برلن فلم فیسٹول میں دیکھی تھی جس کی کہانی نے انہیں بے حد متاثر کیا اور اس کے بعد اس فلم کا ہندی ورژن بنانے کا تہیہ کرلیا تھا۔

فلم کی شوٹنگ سے قبل ہی اتل نے کورین فلم ساز سے اس کا دیسی ورژن نشر کرنے کے لئے باقاعدہ طور پر اجازت لے لی ہے۔

فلم ساز نے فلم کی کہانی کے لئے بہترین لکھاری اور دبنگ خان کے والد سالم خان نے بھی حامی بھر لی اور کہا کہ فلم ایک اچھے مضمون پر مبنی ہے۔

فلم کی کہانی کورین شخص کے گرد گھومتی ہے جو جنگ کے دوران ثابت قدمی کا عظیم مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے خاندان کی حفاظت کرتا ہے۔ 

فلم میں کورین جنگ کے دوران اپنے خاندان کی حفاظت کرنے والے شخص کی 60 سال تک کی زندگی کی مشقت بھی دکھائی جائے گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی شوٹنگ تین ممالک میں ہوگی جس میں  بھارتی شہر دہلی، اسپین اور متحدہ عرب امارات شامل ہے۔

سلو میاں فی الحال اپنی نئی فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو اختتامی مراحل میں داخل ہوگئی جب کہ فلم میں ان کے ساتھ خوبرو اداکارہ کترینہ کیف جلوہ گر ہوں گی، فلم رواں برس 22 دسمبر کو کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

مزید خبریں :