پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2017

قندیل بلوچ قتل کیس کے ملزم مفتی عبدالقوی اسپتال سے ڈسچارج

ملتان: قندیل بلوچ قتل کیس کے نامزد ملزم مفتی عبدالقوی کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

ملتان کی مقامی عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس میں مفتی عبدالقوی کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا تاہم دوران حراست مفتی عبدالقوی کی طبعیت بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

جب کہ گزشتہ روز انہیں ایمبولینس میں عدالت لایا گیا تھا جہاں مجسٹریٹ نے ایمبولینس میں ہی ان کا بیان ریکارڈ کیا۔

جیونیوز کے مطابق مفتی عبدالقوی کو ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے ڈسچارج کردیا گیا جس کے بعد انہیں اسپتال سے روانہ کیا گیا تو پولیس مفتی عبدالقوی کو ساتھ لے جانے آئی، مفتی عبدالقوی خود چل کر پولیس وین میں جاکر بیٹھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں قندیل بلوچ کو مبینہ طور پر ان کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کیا تھا جب کہ مقدمے میں مقتولہ کا کزن حق نواز بھی شامل تھا اور یہ دونوں ملزمان اس وقت ملتان جیل میں ہیں۔

مفتی عبدالقوی، قندیل بلوچ کے ہمراہ اس وقت منظرعام پر آئے جب گزشتہ سال رمضان المبارک کے دوران ماڈل نے چند سیلفیز اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ 

مزید خبریں :