پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2017

’عائشہ گلالئی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے‘

کراچی: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے عائشہ گلالئی سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو آئین کے خلاف قرار دیدیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شرجیل میمن کے کیس میں پیشرفت خوش آئند ہے، اس پر ساری قوم خوش ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ چوری کرو اور ہاتھ ہلاتے ہوئے آؤ جس طرح مریم صفدر آتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت عوام کا پیسہ چوری کرنے والوں کو سزا دینے کی بجائے ان کی حفاظت کرتی ہے، پچھلے چیرمین نیب بڑے مجرموں کو بچانے کے لیے آئے تھے لیکن اب قوم چیرمین نیب کی طرف دیکھ رہی ہے، انہوں نے بہت اچھا قدم اٹھایا، چیرمین نیب نے ملتان میٹرو بس کا کیس بھی کھول دیا جس میں شہبازشریف ملوث ہیں۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سندھ کی سب سے بڑی بیماری زرداری ہے، زرداری کی شوگر مل مافیا کاشتکاروں کا حق مارتی ہے اور چھوٹے کسانوں کو ان کا حق نہیں ملتا۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار اور نوازشریف نے مل کر ملک کو آج کدھر پہنچا دیا ہے، ملکی تاریخ میں کبھی ایسے قرضے نہیں چڑھے، قرضوں کی قسطیں اتارنے کے لیے بجلی اور گیس پر ٹیکس لگادیئے گئے جس سے انڈسٹریاں بند ہورہی ہیں اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ لوگوں کو پاگل بناکر یہاں تک لے آئے لیکن اب عوام کو پتا چل چکا ہے کہ ملک کہاں آگیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے لیے ایک خاص ان سوئنگ تیار کی ہوئی ہے، اب زیادہ دیر نہیں، مجھے ان کی مڈل اسٹمپ نظر آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کوئی این جی او نہیں ہوتی، اس میں ہر قسم کے لوگ آتے ہیں کیونکہ اس میں الیکشن جیتنا ہوتا ہے، ہم الیکشن جیتیں گے تو ہی اپنا ایجنڈا لائیں گے، صرف کارکنان سے الیکشن نہیں جیت سکتے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں نئے لوگوں کو لانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن لوگ خوفزدہ ہیں، پہلے لوگوں کو کراچی میں ایم کیوایم کا خوف تھا اور اب سندھ میں زرداری کا مافیا کا خوف ہے، یہ لوگ غنڈوں اور پولیس کے ذریعے کارروائیاں کراتے ہیں، اس لیے ہم ان لوگوں کو لے رہے ہیں جو ان کے سامنے کھڑا ہوسکے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اب تک اکیلے ہی الیکشن لڑنے کا منصوبہ ہے لیکن آگے جاکر صورتحال دیکھیں گے۔

عائشہ گلالئی سے متعلق سوال پر چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کو دیکھ رہے ہیں یہ فیصلہ آئین کے خلاف ہے، عائشہ گلالئی نے خود پارٹی چھوڑنے کا کہا اور ان کی ریکارڈنگ بھی موجود ہے، انہوں نے پارٹی کی ہدایت پر عمل نہیں کیا اور ووٹ بھی نہیں دیا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے تقاضے جائز ہیں وہ آئین کے تقاضے ہیں، جس نے سب کے سامنے استعفیٰ دینے کا کہا وہ پارٹی میں کیسے رہے گی، امید رکھتے ہیں الیکشن کمیشن ایسے فیصلے کرے گا جس سے یہ تاثر نہ ملے کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے خلاف کھڑا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جتنا ڈومو کرنا تھا کرلیا، ملک میں 70 ہزار افراد مارے جاچکے ہیں، ڈومور کرتے کرتے انتہا پسندی بڑھی اور ہم نے اپنے قبائلی علاقوں کو اجاڑ لیا،پاکستان نے امریکی جنگ میں جتنا کیا کوئی اتنی قربانی دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا، اس لیے قوم متفق ہے اب آگے والوں کو ڈومور کرنا ہے۔

مزید خبریں :