پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2017

الیکشن کمیشن سے جاری عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ معطل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔

الیکشن کمیشن نے 15 ستمبر کو توہین عدالت کیس میں عمران خان کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم ان کی عدم پیشی پر الیکشن کمیشن نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جو اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کردیئے تھے۔

الیکشن کمیشن نے ایک مرتبہ پھر 12 اکتوبر کو توہین عدالت کیس میں عمران خان کے ’ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری‘ جاری کیے تھے جنہیں عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ 

اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی جس دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار نہیں تھا، الیکشن کمیشن نے 12 اکتوبر کو غیر آئینی حکم دیا جس سے عمران خان کو نہ صرف ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ان کے سیاسی مخالفین نے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

بابر اعوان نے عدالت سے الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرنے کی استدعا کی جس کی الیکشن کمیشن کے وکیل نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب قانونی عملدرآمد کے تحت ہورہا ہے، کیا سیاستدان آئین وقانون سے بالا تر ہیں۔

عدالتی بینچ نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو اور توہین عدالت کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر کو نوٹس جاری کرکے کیس کی مزید سماعت 7 نومبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ عمران خان نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں عدالت پر متعصب ہونے کے الزامات لگائے تھے جس پر اکبر ایس بابر نے 23 جنوری کو ان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

مزید خبریں :