ایشوریا رائے کو ایک اور فلم میں کاسٹ کرلیا گیا

فائل فوٹو۔

بھارتی خوبرو اداکارہ ایشوریا رائے بچن اپنی حالیہ فلم میں ماضی کی طرح فلم بینوں کو متاثر نہ کرسکیں تاہم اب انہیں ایک اور فلم میں کاسٹ کرلیا گیا ہے۔

فلم ساز پوجا بیدی اور بوبی بیدی معروف بھارتی خاتون کاروباری شخصیت شہناز حسین کی زندگی پر فلم بنا رہے ہیں جس کی کہانی کملیش پانڈے لکھ رہے ہیں۔ 

فلم میں سب سے پہلے اداکارہ پریانکا چوپڑا کو کاسٹ کیا گیا لیکن اداکارہ نے ہالی وڈ میں اپنی سیریز کی مصروفیات کے باعث فلم کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم اب خوبرو اداکارہ ایشوریا بچن کو فلم میں کاسٹ کرلیا گیا ہے۔

فلم کے لکھاری کملیش پانڈے کے مطابق شہناز حسین کے کردار کو نبھانے کے لئے ان کی سب سے پہلی پسند صرف ایشوریا تھیں کیوں کہ وہی کردار کے ساتھ انصاف کرسکتی ہیں۔

شہناز حسین، معروف کاروباری شخصیت

کملیش کا کہنا ہے کہ فلم کے ڈائیلاگ میں آج کل کی فیس بک اور ٹوئٹر کی نسل والی زبان نہیں بلکہ تہذیب اور ادب کی زبان استعمال ہے اور ایشوریا اس کردار پر پورا اتریں گی۔

فلم کی کہانی شہناز حسین کی 16 سال سے لے کر 60 سال تک کی زندگی کے اتار چڑھاؤ ، کامیابی، ناکامی اور ایک با ہمت خاتون کے عزم کے گرد گھومتی ہے۔

فی الحال ایشوریا اپنی نئی فلم 'فینی خان' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جن میں ان کے ساتھ اداکار انیل کپور جلوہ گر ہوں گے۔

معروف بھارتی کاروباری شخصیت شہناز حسین، شہناز ہربل انڈسٹریز کی سی ای او ہیں جنہیں 2006 میں بھارتی حکومت کی جانب سے پدما شیری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ 

مزید خبریں :