پاکستان
Time 26 اکتوبر ، 2017

’وہ کمر درد کا بہانہ بناکر چلا گیا کسی منصف میں ہمت ہے جو اس سے جواب لے‘


اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے سابق صدر پرویز مشرف پر نام لیے بغیر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہےکہ کسی عدالت یا منصف میں اتنی ہمت ہے کہ اسے بلائے اور پوچھے آئین و قانون کےساتھ جو کیا اس کا جواب دو۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 2 نیب ریفرنسز میں عدم پیشی پر سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے ہیں۔

’نوازشریف کیخلاف سازشوں میں سب مصروف ہیں‘

احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے لیے جلد بازی دکھائی جارہی ہے ان کے خلاف سازشوں میں سب مصروف ہیں لیکن ان کے خلاف پہلے کچھ نہیں ملا اور اب بھی نہیں ملے گا

انہوں نے کہا کہ پہلے فیصلہ دیدیں نااہل کردیں پھر مقدمات چلاتے رہیں، سوال تو اٹھیں گے، یہ کھیل ایک حد تک کھیلا جاسکتاہے آگے نہیں جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ سنا ہے جے آئی ٹی کے لوگ بغیر ثبوت کے واپس آئے اب نیب والوں کو بھی ثبوت نہیں ملے گا، یہاں ثبوت ڈھونڈے نہیں جارہے بلکہ پیدا کیے جارہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما کا کہنا تھا کہ ابھی تو نواز شریف کا احتساب ہورہا ہے اور جو پھرتیاں نواز شریف کے لیے دکھائی جارہی ہیں وہ دوسروں کے لیے بھی دکھائی جانی چاہئیں، کیا سارا قانون صرف نوازشریف کے لیے ہی ہے، عمران خان کے لیے کوئی قانون نہیں، ملک میں جو حضرت اشتہاری ہیں ان کے کتنے وارنٹ جاری ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وی آئی پی احتساب وہ ہوتا ہے جب عدالت کے راستے سے گاڑی مڑ جاتی ہے، گاڑی مڑنے کے بعد اسپتال میں چھپا دیا جاتا ہے۔

’وہ کمردرد کا بہانہ بناکر ملک سے چلا گیا‘

مریم نواز نے پرویز مشرف کا نام لیے بغیر ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ راستہ دینے کے لیے وزیراعظم ہاؤس کے باہر 4 ماہ دھرنے دیئے گئے،  وہ کمر درد کا بہانہ کر ملک سے چلا گیا، اسے نکالا گیا اور محفوظ راستہ دیا گیا، کسی عدالت اور منصف میں اتنی ہمت ہے کہ اسے بلائے اور پوچھے آئین و قانون کےساتھ جو کیا اس کا جواب دو۔

ان کا کہنا تھا کہ حسن اور حسین اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب دونوں خود دیں گے  اور انشاءاللہ ہم سرخروں ضرور ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ میرا کوئی میڈیا سیل نہیں، جب نوازشریف وزیراعظم تھے ان کے لیے میڈیا ہینڈل کرتی تھی، یہ سب پروپیگنڈا کیا جارہا ہے اور سب جانتی ہوں ایسی باتیں کیوں اور کون کررہا ہے۔

’پاکستان پر نازک وقت ہے‘

مسلم لیگ (ن) کی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان پر نازک وقت ہے اور ہم نازک دور سے گزر رہے ہیں، کسی بھی حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے، چاہے وہ نام کی جمہوری حکومت ہو یا کمزور حکومت ہو، کیونکہ حکومت کےمدت پوری کرنے سے ہی جمہوریت آہستہ آہستہ جڑ پکڑے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہاں جمہوریت کی بات کرتے ہیں لیکن جمہوریت اور انصاف کی بات کرنےوالےکو  کو غدار کہا جاتا ہے جب کہ ناانصافی پر آواز اٹھانے کو توہین عدالت کہا جاتا ہے۔ 

صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا ’آپ کی حکومت مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کرے گی جس پر مریم نواز نے جواب میں کہا کہ ’ ہماری حکومت، ہماری حکومت، بس اب خاموش رہنا بہتر ہے، آپ کو پتا ہے اصل بات کیا ہے، اتنے سادہ آپ بھی نہیں میں بھی نہیں۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے کہا کہ ’یاد رکھنا کہ جب کوئی شخص کسی منصف کی عدالت میں کھڑا ہوتا ہے تو وہ منصف بمع اس شخص کے اللہ کی عدالت میں کھڑا ہوتا ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ ’نا انصافی سے کیے گئے فیصلے آج بھی تاریخ میں اس وقت کے منصفوں اور عدالتوں کے لیے بدنامی اور شرمندگی کا سامان ہیں۔


واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے سپریم کورٹ کے فیصلے میں شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنس دائر کیے جن میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ، ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اور العزیزیہ اسٹیل ملز کا ریفرنس شامل ہے۔



مزید خبریں :