پاکستان
Time 01 نومبر ، 2017

پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند اور اسموگ

لاہور: پنجاب کے مختلف شہر آج بھی شدید دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں ہیں جس سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، حافظ آباد، گجرات، خانیوال اور جہانیاں میں دھند اور اسموگ ہے۔

جب کہ لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک موٹروے پر اسموگ کی وجہ سے بعض مقامات پر حد نگاہ 200 سے 300 میٹر رہ گئی ہے جس سے شہریوں کو آمدو رفت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

موٹروے اور ٹریفک پولیس حکام نے شہریوں کو  غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کی ہدایات

محکمہ صحت پنجاب نے بھی اسموگ سے بچاؤ کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری سفر کے دوران چشمہ اور ماسک استعمال کریں اور سفر کے دوران یا بعد میں آنکھوں کو اچھی طرح دھوئیں جب کہ اسموگ میں زیادہ ٹھنڈے مشروبات سےاجتناب کیا جائے۔

محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہےکہ شہری روزانہ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور لوگ گھروں سے غیرضروری طورپر نہ نکلیں۔

اسموگ میں ابھی مزید اضافہ ہوگا، محکمہ ماحولیات

ماہرین ماحولیات کے مطابق دھویں کے ساتھ جب گرد اور خظرناک گیسوں کی آمیزش ہو جائے تو دھند اسموگ میں بدل جاتی ہے اور اس کے نتائج سانس کی بیماریوں اور  آنکھوں کی جلن کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔

محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ اسموگ کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے اس میں ابھی مزید اضافہ ہو گا جس کی بینادی وجوہات فصلو ں کی باقیات اور گھروں کے کچرے کو جلانا، فیکڑیوں اور کارخانوں میں غیر میعاری ایندھن کا استعمال اور چمنیوں میں دھویں کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے فلٹر نہ لگانا ہے۔

ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات شوکت حیات ہماری جتنی صنعتی سرگرمیاں ہو رہی ہیں اور جتنی ٹریفک کی آلودگی ہو رہی ہے اس سے ہوا میں سلفر ڈائی آکسایئڈ اور نائیٹروجن ڈائی آکسائیڈ بڑھتی جارہی ہے جس کہ وجہ سے جب موسم ٹھنڈا ہو رہا ہے، پہلے فوگ ہوتی تھی جو اب اسموگ میں تبدیل ہو رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق اسموگ کا مسئلہ آنے والے سالوں میں بڑا چیلنج بن سکتا ہے، اس سے بچاؤ کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر فضائی آلودگی میں کمی سے ہی ممکن ہے۔

مزید خبریں :