اہرام مصر میں ایک بڑی خالی جگہ دریافت

دنیا کے سات عجوبوں میں شامل اہرام مصر کے خوفو ہرم میں ایک بڑی خالی جگہ دریافت ہوئی ہے۔

سائنسدانوں نے اہرام مصر کے خوفو ہرم میں 30 میٹر طویل اور کئی فٹ اونچی خالی جگہ دریافت کی ہے۔

نیچر میگزین کی رپورٹ کے مطابق 30 میٹر طویل خالی جگہ ہرم کی ’گرانڈ گیلری‘ کے اوپر واقع ہے تاہم تاحال یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ اس خالی جگہ میں کیا ہے۔

ہرم خوفو تقریباً 2500 قبل مسیح میں تعمیر کیا گیا تھا اور اسے خوفو فرعون کے مقبرے کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا۔ یہ ہرم مصر کے شہر گیزہ میں واقع ہے جس کی وجہ سے اسے گیزہ کا عظیم ہرم بھی کہتے ہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق دریافت کی گئی خالی جگہ کے اندرونی اسٹرکچر کو جاننے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہرم کے پتھر کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ریڈیو گرافی کی مدد سے اہرام کے دریافت شدہ اور غیر دریافت شدہ خالی جگہوں کو نقصان پہنچائے بغیر ان کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ’خالی جگہ‘اہرام مصر کے اندرونی اسٹرکچر میں 19 صدی کے بعد پہلی دریافت ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق ابھی تک اس دریافت شدہ خالی جگہ کے کردار سے متعلق تو معلوم نہیں ہو سکا لیکن جدید ذراتی فزکس کی مدد سے دنیا کے تاریخی ورثے کے چھپے رازوں پر مزید روشنی ڈالنے میں مدد مل سکے گی۔

مزید خبریں :