نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت پر رہائی چیلنج کردی

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) نے کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت پر رہائی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت کے سلسلے میں پیش نہ ہونے پر کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جس پر نیب اہلکاروں نے انہیں وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرلیا تھا۔

احتساب عدالت نے 9 اکتوبر کو کیپٹن (ر) صفدر کو ضمانتی مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا جسے نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

پراسیکیوٹر جنرل نیب نے محمد صفدر کی رہائی کے حکم کے خلاف درخواست دائر کی جس میں محمد صفدر اور احتساب عدالت کے جج کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ گرفتاری کے بعد ملزم کی رہائی کا حکم عدالت عالیہ دے سکتی ہے، احتساب عدالت کو کیپٹن (ر) صفدر کو جیل بھیجنا چاہیے تھا۔

نیب کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کا حکم کالعدم قرار دیا جائے اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجا جائے۔

مزید خبریں :