دنیا
Time 03 نومبر ، 2017

امریکا کا شمالی کوریا کو دہشت گردی کی معاون ریاستوں میں شامل کرنے پر غور

امریکا شمالی کوریا کو دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ایچ آر میک ماسٹر کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے باعث بڑھتے ہوئے خطرات کے تدارک کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے امریکا شمالی کوریا کو دوبارہ سے دہشت گردوں کی معاونت کرنے والی ریاستوں کی فہرست میں شامل کر سکتا ہے۔

امریکی صدر کے آج (جمعہ) سے شروع ہونے والے 5 ایشیائی ممالک کے دورے سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایچ آر میک ماسٹر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے حوالے سے امریکی پالیسی سے متعلق جلد کچھ نیا سننے کو ملے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ ایشیائی خطے کا پہلا 12 روزہ باضابطہ سرکاری دورہ کر رہے جس میں وہ جاپان، جنوبی کوریا، چین، فلپائن اور ویت نام کی قیادت سے ملاقاتوں میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر خصوصی توجہ دیں گے۔

میک ماسٹر نے رواں برس فروری میں ملائشین ایئرپورٹ پر قتل ہونے والے شمالی کورین رہنما کم جانگ اُن کے سوتیلے بھائی کم جانگ نم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی اس کارروائی پر شمالی کوریا کو ایران، شام اور سوڈان کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ملائشین حکومت کی جانب سے کم جانگ نم کے قتل کا الزام شمالی کوریا پر نہیں لگایا گیا تھا تاہم جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ قتل کی کارروائی کم جانگ اُن کے منصوبے کا حصہ ہے۔

ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر نے کم جانگ نم کے قتل کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کو دہشت گردوں کی معاون ریاست کی فہرست میں شامل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے نام نہ ظاہرکرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن شمالی کوریا کو دہشت گردوں کی معاون ریاست قرار دینے یا دینے کے حوالے کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔

مزید خبریں :