شوہر کی دوسری شادی کے اخراجات اٹھانے والی سعودی خاتون کے چرچے

فائل فوٹو/ اے ایف پی—۔

سوشل میڈیا پر آج کل ایک ایسی سعودی خاتون کے چرچے ہیں، جنہوں نے اپنے شوہر کو دوسری شادی کرنے پر نہ صرف مبارک باد دی ، بلکہ شادی کے سارے اخراجات بھی برداشت کیے۔

مقامی نیوز ویب سائٹ سبق کے مطابق مذکورہ خاتون، جو ایک گاؤں کے اسکول میں ہیڈمسٹریس ہیں، نے اپنے شوہر کو دوسری شادی پر واٹس ایپ پیغام کے ذریعے مبارک باد دی۔

مذکورہ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون کے شوہر سلیمان ناصر البولاوے نے بتایا کہ ان کی پہلی بیوی اور ان کے اہلخانہ نے ان کی دوسری اہلیہ کو شادی پر مبارک دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی پہلی بیوی ایک بہترین شریک حیات اور ماں ہیں۔

انہوں نے بتایا، 'اگرچہ ان کی ملازمت بہت وقت طلب ہے، لیکن وہ خود ہر چیز کا خیال رکھتی ہیں اور کسی گھریلو ملازم کی مدد حاصل نہیں کرتیں، ساتھ ہی وہ میری بوڑھی والدہ کی بھی دیکھ بھال کرتی ہیں'۔

سلیمان البولاوے نے مزید بتایا کہ اگرچہ معاشرے میں یہ تصور رائج ہے کہ دوسری شادی سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، لیکن انہیں اس حوالے سے کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔

جلد ہی یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں کسی نے سلیمان البولاوے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تو کسی نے ان کی پہلی اہلیہ کو سراہا۔

دوسری جانب کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ یہ ایک معمول کی بات ہے، ایک صاحب نے ٹوئیٹ میں اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے لکھا، 'میری پہلی بیوی نے مجھے دوسری بیوی کا 'تحفہ' دیا اور وہ دونوں بالکل بہنوں کی طرح رہتی ہیں'۔


مزید خبریں :