دنیا
Time 04 نومبر ، 2017

لبنانی وزیراعظم جان کو درپیش خطرات کے پیش نظر عہدے سے مستعفی

لبنان کے وزیراعظم سعد حریری نے ملک میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور اپنی جان کو درپیش خطرات کے پیش نظر عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دو بار لبنان کے وزیراعظم رہنے والے سعد حریری نے عرب ٹی وی سے نشر کیے جانے والے خطاب میں عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے یہ محسوس کیا ہے کہ مجھے قتل کرنے کی خفیہ سازش تیار کی گئی ہے‘‘۔

اپنے خطاب میں سعد حریری نے الزام عائد کیا کہ ایران اور اس کی اتحادی تنظیم حزب اللہ خطے میں اپنا غلبہ چاہتے ہیں اور لبنان پر ایران کی گرفت مضبوط ہوتی جارہی ہے۔

47 سالہ لبنانی رہنما نے مزید کہا کہ ’’خطے کے ممالک کا مستقبل ایران کی گرفت میں ہے اور حزب اللہ صرف لبنان نہیں بلکہ دیگر عرب ممالک میں بھی تہران کا ہتھیار ہے۔ حالیہ برسوں میں حزب اللہ نے مقاصد حاصل کرنے کے لیے اپنے ہتھیاروں کی طاقت کو استعمال کیا ہے‘‘۔

خیال رہے کہ سعد حریری کے والد رفیق حریری بھی 2005 میں کار بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے تھے اور اس کا الزام حزب اللہ پر ہی لگایا جاتا ہے۔ رفیق حریری بھی دو مرتبہ لبنان کے وزیراعظم رہ چکے تھے۔

مزید خبریں :