دنیا
Time 05 نومبر ، 2017

طاقتور طوفان 'ڈیمرے' نے ویتنام میں تباہی مچادی، 27 افراد ہلاک

شدید طوفان کے نتیجے میں بجلی کا نطام درہم برہم ہوگیا—۔فوٹو/رائٹرز

طاقتور طوفان 'ڈیمرے' نے ویتنام کے جنوب وسطی ساحلی علاقوں میں تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں اب تک 27 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔

لاپتہ ہونے والے افراد میں مال برادر بحری جہازوں کے عملے کے سترہ ارکان بھی شامل ہیں۔

طوفان ڈیمرے کے باعث ویتنام کے 2 صوبوں ’کھنا ہوا‘ اور’ پھوین‘ میں 90کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہوائوں کےساتھ شدید بارشیں ہوئیں جبکہ سمندرمیں 6 سے 8 میٹر تک لہریں بھی بلند ہوئیں۔

شدید طوفان کے نتیجے میں 600 سے زائد مکان مکمل طور پر تباہ اور تقریباً 40 ہزار کو نقصان پہنچا، بجلی کا تمام نظام درہم برہم ہوگیا، درخت جڑوں سے اکھڑ گئےاور املاک کو بھی شدید نقصان شدید پہنچا۔

دوسری جانب طوفان سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو سرگرمیاں اور ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی اسپتال منتقلی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ریسکیو کارروائیوں کے لیے 44 ہزار فوجی اہلکاروں کو بھی طلب کیا جاچکا ہے۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں عمارتیں گرنے کے باعث ہوئیں۔

حکام کے مطابق طوفان کے پیش نظر غیر ملکی سیاحوں سمیت 30 ہزار سے زائد لوگوں کا پہلے ہی انخلاء کیا جاچکا تھا۔

گزشتہ ہفتے بھی ویتنام کے شمالی اور وسطی صوبوں میں سمندری طوفان آیا تھا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

رواں برس ویتنام میں متعدد طوفان آچکے ہیں، جن کے نتیجے میں 240 کے قریب افراد ہلاک یا لاپتہ ہوئے۔

ورلڈ بینک کے مطابق گذشتہ دو دہائیوں میں قدرتی آفات کے نتیجے میں ویتنام میں 13 ہزار افراد ہلاک اور ہزاروں املاک کو نقصان پہنچ چکا ہے۔

طوفان ڈیمری ایک ایسے وقت میں ویتنام سے ٹکرایا ہے، جب یہاں رواں ماہ 6 سے 11 نومبر تک ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن یعنی ایپک کانفرنس کا انعقاد ہونے جارہا ہے، جس میں دنیا بھر سے ہزاروں مندوبین، ایگزیکیٹو آفیسرز اور میڈیا نمائندگان شرکت کریں گے۔



مزید خبریں :