پاکستان
Time 06 نومبر ، 2017

دھند سے گڈو تھرمل پاور اسٹیشن ٹرپ، 1750 میگاواٹ بجلی معطل

کشمور: دھند کے باعث گڈو تھرمل پاور اسٹیشن کی تمام ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کرگئیں جس سے 1750 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔

ذرائع کے مطابق ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے  لاڑکانہ، حیدرآباد، سکھر، رحیم یارخان اور جعفرآباد سمیت سندھ، پنجاب اور بلوچستان کےمختلف شہروں میں 12 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

انچارج کنٹرول روم کا کہنا ہےکہ گڈو تھرمل اسٹیشن سے ٹرپ ہائی ٹرانس میشن لائنوں پرمرمتی کام مکمل کرکے سندھ،پنجاب اور بلوچستان کے کئی گرڈاسٹیشن کو بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔

تین روز قبل 3 نومبر کو بھی نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے اسموگ کے باعث ملک کے مختلف شہروں کوبلیک آوٹ سے بچایا تھا۔

وزارت توانائی کے پاور ڈویژن نے اپنے اعلامیے میں بتایا تھا کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے 500 اور200کے وی گرڈ اسٹیشنز کو ٹرپنگ سےبچایا۔

وزارت توانائی کے مطابق شدید اسموگ نیشنل ٹرانسمشن سسٹم کے لیے سخت چیلنج ہے۔

پنجاب میں دھند اور اسموگ سے ٹریفک حادثات 

دوسری جانب ملک کے مختلف علاقے دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں ہیں جب کہ لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں دھند کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔

آلودہ دھند کےباعث گزشتہ رات لاہور میں بند روڈ پر 2 ٹریفک حادثات میں 14 سالہ بچی سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ ساہیوال میں بھی 2 افراد جان سے گئے اور 6 افراد زخمی ہوئے۔

جلال پور بھٹیاں میں کار سیم نالے میں جا گری جس سے ایک شخص جاں بحق اور4 زخمی ہو گئے۔

لاہور ایئرپورٹ پر پروازیں منسوخ

دھند اور اسموگ سے لاہور ایئرپورٹ پر متعددپروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ دھند کے باعث بیرون ملک سے آنے والی 4 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جب کہ اندرون ملک کی متعددپروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

حد نگاہ صفر ہونے سے موٹروے کے کئی سیکشن بند

رات کے وقت حدِ نگاہ صفر ہونے پر موٹروے ایم ون رشکئی سےصوابی، ایم ٹو لاہور سے اللہ انٹرچینج، ایم تھری فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں اور ایم فور فیصل آباد سے گوجرہ تک بندکردی گئی جسے صبح 9 بجے صورتحال بہتر ہونے پر ٹریفک کے لیے بحال کیا گیا۔

موٹروے حکام نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں اور فوگ لائیٹس کا استعمال کریں۔

مزید خبریں :