پاکستان
Time 06 نومبر ، 2017

بعض عناصر اداروں اور حکومت میں بد اعتمادی پھیلا رہے ہیں، احسن اقبال

پشاور: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے بعض عناصر اداروں اور حکومت میں بد اعتمادی پھیلا رہے ہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آج پھر پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ٹیک آف کا موقع دیا ہے، 2013 میں 20،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول بن گئی تھی، روزانہ درجنوں کے حساب سے لاشیں گرتی تھی، کراچی سے گلگت تک ہمارے تمام کارخانے بند ہوگئے تھے، 2013 میں پاکستان کی مثال ایسے جہاز کی طرح تھی جس کے تمام پارٹس ٹوٹ گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 4 سالوں میں مختلف جرائم میں 90 فیصد کمی آئی ہے، آج دہشت گرد محصور اور یرغمال بن گئے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کو حل کرنے کا چیلنج قبول کیا، 4 سالوں میں 10ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنا معمولی بات نہیں، 66 سال میں ہم صرف 16 ہزارمیگا واٹ بجلی پیدا کر پائے، مئی 2018 تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں معیشت اور سیاسی استحکام کو سبوتاژ کیا گیا، چند لوگ پاکستان میں مایوسی پھیلانےمیں مصروف ہیں، وہ پاکستانیوں سے خوداعتمادی چھیننا چاہتے ہیں لیکن ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ قوم کے اعتماد اور کامیابیوں کو چھوٹا کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکھاڑ پچھاڑ کی جاتی رہے تو دنیا کی بہترین پالیسی اور ماہرین بھی فیل ہوجاتے ہیں، پاکستان کو دنیا کی 20 بہترین معیشتوں میں شامل کرنے کا وعدہ کیا ہے، سیاسی بحران سے پچھلے 4 سال کی محنت پر پانی پھر جائےگا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کسی این آر او کو نہیں مانتے، بعض عناصر اداروں اور حکومت میں بد اعتمادی پھیلا رہے ہیں جب کہ عمران خان کے فالورز سوشل میڈیا پر ان کی کی طرح زبان استعمال کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک میں پاکستان سے زیادہ کرپشن ہے، کرپشن کے باوجود خطے کے دیگر ممالک پاکستان سے زیادہ تیز ترقی کررہے ہیں، جب ادارے مضبوط ہوتے ہیں احتساب کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں :