کھیل
Time 06 نومبر ، 2017

سرفراز کا چیخنا بالکل برا نہیں لگتا، حسن علی

پاکستانی گیند باز اور ایک روزہ رینکنگ میں موجود نمبر ون بولر حسن علی نے کہا ہے کہ انہیں کپتان سرفراز احمد کا میچ کے دوران چیخنا بالکل برا نہیں لگتا بلکہ اس کی وجہ سے انہیں فوکس برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

اسکائی اسپورٹس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں 23 سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ 'سچ تو یہ ہے کہ مجھے ان )سرفراز( کا مجھ پر چیخنا پسند ہے کیوں کہ اس سے میری حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ دیگر کھلاڑیوں کے لیے بھی ایسا ہی ہوگا۔'

انہوں نے بتایا کہ دراصل سرفراز کھلاڑیوں پر غصہ نہیں ہورہے ہوتے، یہ ان کا ہماری توجہ کھیل پر مرکوز رکھنے کا طریقہ ہے۔

ایک روزہ کرکٹ کے بہترین بولر بننے کے حوالے سے حسن علی کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے ایک خواب جیسا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'اس کا کریڈٹ ٹیم مینجمنٹ، کپتان اور دیگر کھلاڑیوں کو جاتا ہے۔ میرے بھائی بھی تعریف کے مستحق ہیں، ان کی سپورٹ کے بغیر میں بین الاقوامی کرکٹ نہ کھیل رہا ہوتا۔'

فاسٹ بولر نے کہا کہ جب بھی رینکنگ میں اپنا نام دیگر بہترین کھلاڑیوں سے اوپر دیکھتے ہیں خود کو ایک بار نوچتے ہیں کیوں کہ ان کے لیے یہ ناقابل یقین بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ شاندار کارکردگی جاری رکھنا چاہتے ہیں اور اپنی ٹیم کو 2019 کے عالمی کپ کو جیتتا دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ عالمی کپ 2019 میں سب سے زیادہ وکٹیں اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی بننا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :