پاکستان
Time 06 نومبر ، 2017

اسمبلیاں 5 جون 2018 تک آئینی مدت پوری کر کے تحلیل ہوں گی، احسن اقبال


وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے پاکستان میں قبل از انتخابات کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کر کے 5 جون 2018 کو تحلیل ہوں گی۔

احسن اقبال کا دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان ایک آئینی اور جمہوری ملک ہے اور اس ملک کا ایک ہی این آر او ہے جو عوام کے ہاتھ میں ہے، پاکستان کے 20 کروڑ عوام جمہوری عمل کے محافظ ہیں لیکن کچھ لوگ کنفیوژن پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے عبوری نتائج کے مطابق عام انتخابات کرانے پر سب جماعتوں نے اتفاق کیا اور حکومت اس معاملے پر تمام جماعتوں سے دوبارہ بات کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 نومبر کو آئینی ترمیم پاس ہوئی تو الیکشن کمیشن 2018 کے انتخابات کی تیاریاں کرے، عام انتخابات اگست 2018 کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔

انہوں نے ملک میں قبل از انتخابات کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مردم شماری کے عبوری نتائج تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیئے جب کہ مردم شماری کے عبوری نتائج کے بعد قبل از وقت انتخابات کا کوئی امکان نہیں ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ 1998 کی مردم شماری کے مطابق انتخابات کرانے کی تجویز چھوٹے صوبوں کے ساتھ زیادتی ہے اور 98 کی مردم شماری کے مطابق الیکشن کرانا ممکن نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے عبوری نتائج کے مطابق پنجاب کی 9 نشستیں کم ہوں گی اور خیبر پختونخواہ کی 5 نشستیں بڑھیں گی۔ اسی طرح بلوچستان کی 3 اور اسلام آباد کی ایک نشست بڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور نہ ہی کوئی جماعت بروقت انتخابات میں رختہ ڈالنے کی متحمل سکتی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق پوچھے گئے سوال پر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کا نواز شریف کی قیادت پر اطمینان ہے۔

مزید خبریں :