پی سی بی کا گیم ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ ختم

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائریکٹر ایچ آر اور ایڈمن کی سبکدوشی کے بعد ایک اور ڈائریکٹر کو فارغ کردیا جس کے بعد گیم ڈیولپمنٹ کا شعبہ ہی ختم کردیا گیا۔

نجم سیٹھی کے چیئرمین بننے کے بعد کرکٹ بورڈ میں دوسری بڑی انتظامی تبدیلی سامنے آئی ہے، بریگیڈیئر (ر) ساجد حمید کی سبکدوشی کے ایک ہفتے بعد ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ ایزد حسین سید کو ذمے داریوں سے فارغ کردیا ہے۔ 

ڈائریکٹر کی برطرفی کے بعد بورڈ نے گیم ڈیلولپمنٹ کا شعبہ ختم کردیا جس کے ذمے کلب اور خواتین کرکٹ کے معاملات تھے۔

یہ شعبہ سابق چیرمین پی سی بی شہریار خان کے دور میں بنا تھا تاہم شعبے کے ختم ہونے کے بعد اس کے ملازمین کا مستقبل ابھی طے ہونا باقی ہے۔

ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ایزد حسین سید کو پی سی بی چیئرمین کا ایڈوائزر برائے کلب اور خواتین کرکٹ مقرر کیا گیا ہے جو شروع سے ہی متنازع رہے ہیں اور مسلسل منفی خبروں کی زد میں رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور گورننگ بورڈ کے سابق رکن شکیل شیخ کو چئیرمین کا ایڈوائزر برائے ڈومیسٹک اور انٹر نیشنل کرکٹ مقرر کیا گیا ہے۔

شکیل شیخ جو کرکٹ بورڈ میں طاقتور سمجھے جاتے ہیں وہ اعزازی طور پر خدمات انجام دیں گے۔

جنگ سے بات کرتے ہوئے شکیل شیخ نے کہا کہ یہ عہدہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔نجم سیٹھی نے میرا کام دیکھ کر مجھ پر اعتماد کیا ہے۔

شکیل شیخ اس سے قبل اعجاز بٹ،ذکا اشرف،شہریار خان کے بھی دست راست تھے تاہم ان کے لئے پہلی بار ایڈوائزر کا عہدہ تخلیق کیا گیا ہے، شکیل شیخ کو پی سی بی میں اہم مشاورت کے علاوہ مزید ذمے داریاں بھی دی جارہی ہیں۔


مزید خبریں :