Can't connect right now! retry
Advertisement

پاکستان
07 نومبر ، 2017

قندیل قتل کیس: مفتی قوی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 روز کی توسیع

ملتان: عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس میں نامزد ملزم مفتی عبدالقوی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 6 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا۔

ملتان کی مقامی عدالت نے مفتی عبدالقوی کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا جس دوران تفتیش میں انہوں نے اعتراف کیا کہ قندیل بلوچ کے قتل میں ملوث ملزمان کے زیر استعمال کار ان کے رشتے دار کی تھی۔

منگل کے روز پولیس نے مفتی عبدالقوی کا ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ پرویز خان کے روبرو پیش کیا جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 روز کی توسیع کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع ملنے کے بعد مفتی عبدالقوی کو لے کر جیل چلی گئی جب کہ عدالت نے پولیس کو 13 نومبر تک چارج شیٹ جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں قندیل بلوچ کو مبینہ طور پر ان کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کیا تھا جب کہ مقدمے میں مقتولہ کا کزن حق نواز بھی شامل تھا اور یہ دونوں ملزمان اس وقت ملتان جیل میں ہیں۔

مفتی عبدالقوی، قندیل بلوچ کے ہمراہ اس وقت منظرعام پر آئے جب گزشتہ سال رمضان المبارک کے دوران ماڈل نے چند سیلفیز اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ 


Advertisement