چینی لڑکے نے 25 آئی فون ایکس دے کر محبوبہ کو شادی کے لیے منالیا

فوٹو بشکریہ برطانوی ویب سائٹ۔

ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی محبت کا اظہار خوبصورت اور انوکھے طریقے سے کرے جو زندگی بھر ایک خوشگوار لمحے کی طرح یاد رہے۔

ایسا ہی کچھ چین کے رہائشی ’’ چن منگ‘‘ نے کیا ہے جو پیشے کے اعتبار سے ویڈیو گیم ڈیزائنر ہیں۔ انہوں نےاپنی گرل فرینڈ ’’لی ‘‘سے شادی کی خواہش اظہار انوکھے اور انتہائی مہنگے طریقے سے کیا۔

منگ نے لی سے شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کرنے کے لیے اپنی گرل فرینڈ کی سالگرہ کا دن منتخب کیا اور سالگرہ کی سرپرائز پارٹی منعقد کی جس میں انہوں نے اپنے اور لی کے تمام دوستوں کو مدعو کیا۔

جب لی اور تمام دوست تقریب میں پہنچ گئے تو انہوں نے یہ سرپرائز سب کے سامنے رکھا۔ منگ نے ایپل کے جدید ترین اسمارٹ فون ’’آئی فون ایکس‘‘ کے 25 سیٹس کی مدد سے ایک بڑا سا دل بنایا، اس کے ارد گرد گلاب کی پتیاں رکھیں جس کے درمیان میں ایک خوبصورت انگوٹھی موجود تھی۔

یہ دیکھ کر لی اور تقریب میں موجود تمام افراد دنگ رہ گئے اور انہوں نے منگ کے محبت کے اظہار کے طریقے کو خوب سراہا۔

خیال رہے کہ اس وقت ایک ایپل آئی فون ایکس کی قیمت پاکستانی ڈیڑھ لاکھ روپے تک ہے تاہم انہوں نے ایک نہیں دو نہیں پورے 25 آئی فون ایکس لی کو تحفہ میں دیے جو واقعی ایک انوکھا طریقہ ہے۔ 

اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ منگ نے تحفے میں دینے کے لئے نئے آئی فون ایکس کا ہی کیوں انتخاب کیا اور 25 فون ہی کیوں دیے تو اس کا جواب کچھ یوں ہے۔

دراصل لی اور منگ کی محبت کی کہانی میں ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے کیونکہ دونوں کو ہی موبائل ویڈیو گیمز بہت پسند ہیں۔ 2 سال قبل دونوں کا رابطہ منگ کے ڈیزائن کردہ ایک گیم پر ہی ہوا تھا اور یہی وجہ ہے کہ منگ نے اسمارٹ فون کا انتخاب کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ منگ نے لی کو 25 آئی فون ایکس اس لیے دیے کیونکہ یہ لی کی 25 ویں سالگرہ تھی۔

لی نے سالگرہ کے موقع پر منگ کے انوکھے انداز میں پروپوز کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور فوراً ہی شادی کے لیے ہاں کہہ دی جبکہ منگ کی جانب سے دیے جانے والے فون انہوں نے اسی وقت اپنے دوستوں میں تقسیم کر دیے۔ 

مزید خبریں :