پاکستان
Time 10 نومبر ، 2017

فاروق ستار کا ڈپٹی میئر کراچی کو عہدے سے ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے والے ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کو عہدے سے ہٹانے کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔ 

جیو نیوز کے مطابق فاروق ستار کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ارشد وہرہ کا ایم کیو ایم چھوڑ کر دوسری جماعت میں شامل ہونا آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے اس لئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ارشد وہرہ کی ڈپٹی میئر کے عہدے سے نااہلی کا نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے۔

فاروق ستار نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں رابطہ کمیٹی کے 3 نومبر کے اجلاس کا بھی حوالہ دیا جس کے مطابق اجلاس میں ارشد وہرہ کے معاملے پر انہیں قانونی کارروائی کا اختیار دیا گیا تھا۔

سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے ارشد وہرہ کو نااہل قرار دینے کے بعد خالی نشست پر ضمنی الیکشن کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ 29 اکتوبر کو ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے ایم کیو ایم پاکستان کو خیرباد کہ کر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

پی ایس پی میں شمولیت کے اعلان کے بعد ارشد وہرہ نے ڈپٹی میئر کراچی کے عہدے سے استعفیٰ دینے سے انکار کرتے ہوئے عہدے پر برقرار رہنے کا اعلان کیا تھا۔

ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی نے 8 نومبر کو سیاسی اتحاد کا اعلان کیا اور اتحاد اور انضمام کے معاملے پر دونوں جانب سے ابہام پایا جاتا ہے۔ 

پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار کی موجودگی میں ایک نام، ایک نشان اور ایک منشور سے انتخابات میں جانے کا اعلان کیا تو وہیں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے اسے سیاسی اتحاد کا نام دیا۔

پی ایس پی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے بعد فاروق ستار کو پارٹی کے اندرونی حلقوں کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا ہے۔

پارٹی رکن علی رضا عابدی نے ایم کیو ایم پاکستان اور اسمبلی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کیا جب کہ عامر خان بھی مفاہمت سے ناخوش ہیں اور دیگر رہنماؤں نے بھی اسی قسم کے ردعمل کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے 7 اراکین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے اور پیپلز پارٹی کی جانب سے آئندہ ایک دو روز میں اہم پریس کانفرنس بھی متوقع ہے۔

پیپلزپارٹی کی قیادت سے اسلام آباد میں ملاقات کرنے والوں میں سلمان مجاہد بلوچ، ڈاکٹر فوزیہ علی، خوش بخت شجاعت اور دیگر شامل ہیں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے گزشتہ روز سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کرنے کے کچھ دیر بعد اسے واپس بھی لے لیا۔ 

مزید خبریں :