ایشوریا رائے، سنجے لیلا بھنسالی کی کامیڈی فلم کریں گی

اداکارہ ایشوریا رائے اور فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی: فائل فوٹو۔

سابق مس ورلڈ اور بالی اداکارہ ایشوریا رائے طویل عرصہ بعد اپنے پسندیدہ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی کامیڈی فلم میں جلوہ گر ہوں گی۔

سنجے لیلا بھنسالی اپنی روایت کے مطابق ہمیشہ ہی تاریخی اور سنجیدہ موضوعات پر مبنی فلمیں بنانے کے شوقین ہیں تاہم انہوں نے اس بار ایشوریا کے ساتھ کامیڈی فلم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایشوریا اور سنجے لیلا کی ملاقات گزشتہ ہفتے ہوئی جہاں دونوں نے نئے پروجیکٹ کے حوالے سے گفتگو کی، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وہ اس بار کامیڈی فلم کریں گے اور ایشوریا کا کردار ان کے فلمی کیریئر کا سب سے بڑا کردار ہوگا، تاہم اب تک اس فلم کا نام منظر عام پر نہیں آیا ہے۔

اس سے قبل ایشوریا رائے، سنجے لیلا بھنسالی کی فلم 'ہم دل دے چکے صنم'، 'دیوداس' اور 'گزارش' میں کام کرچکی ہیں۔

واضح رہے کے اس وقت سنجے لیلا بھنسالی اپنی نئی فلم 'پدماوتی' کی تشہیر میں مصروف ہیں جو رواں برس یکم دسمبر کو ریلیز ہوگی۔

مزید خبریں :