Can't connect right now! retry
Advertisement

انٹرٹینمنٹ
12 نومبر ، 2017

کنگ خان کو ممبئی کے ساحل پر سالگرہ منانا مہنگا پڑگیا

شاہ رخ خان علی باغ سے واپسی پر:بشکریہ بھارتی میڈیا فوٹو۔

بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان اپنی 52ویں سالگرہ منانے کے لئے ممبئی کے جنوبی ساحل علی باغ پہنچے تو تاخیر کرنے پر وہاں پہلے سے موجود سیاستدان نے ان پر چڑھائی کردی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ سپر اسٹار اپنی سالگرہ منانے کے لئے علی باغ کشتی کے ذریعے پہنچے ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے متعدد مداح پہلے سے وہاں موجود تھے۔ 

کنگ خان نے کشتی سے اترنے میں وقت لیا جس کے باعث پیچھے کی تمام کشتیوں کو کنارے پر پہنچنے میں کافی دیرلگی، اس موقع پر وہاں موجود مہاراشٹرا اسمبلی کے رکن جیانت پٹیل نے ان پر چڑھائی کردی۔

جیانت پٹیل کی شاہ رخ خان پر جملے بازی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور یہاں تک کہ اس ویڈیو پر بھارتی ٹی وی چینلز بھی پروگرام کرنے پر مجبور ہوگئے۔

ویڈیو میں جیانت پٹیل کو دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ شاہ رخ خان کو کہہ رہے ہیں کہ 'تم سپر اسٹار ہوگے لیکن تم نے پورا علی باغ نہیں خرید رکھا، میری اجازت کے بغیر آپ یہاں داخل بھی نہیں ہو سکتے'۔


ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ رخ خان جیانت پٹیل کی جانب سے بیان پر کچھ کہے بغیر اپنے مداحوں کو ہاتھ بڑھاتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔

ویڈیو منظر عام پر آئی تو جیانت پٹیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان کو پتہ تھا کہ ان کے مداح ان کا انتظار کر رہے ہیں تو انہیں کشتی سے جلدی نکلنے کی کوشش کرنی چاہیے تھی لیکن انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا۔

Advertisement