شاہ رخ اور کرن جوہر نئی مصیبت میں پھنس گئے

— فوٹو:فائل

بھارتی ریاست دلی کی حکومت نے بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور ہدایت کار کرن جوہر کو فلم ’اتفاق‘ کے ذریعے سگریٹ نوشی کے فروغ کا الزام عائد کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا ہے۔

شاہ رخ خان اداکاری کے ساتھ ساتھ فلم پروڈیوسر بھی ہیں اور ان کا اپنا ’ریڈ چلیز‘ کے نام سے پروڈکشن ہاؤس بھی قائم ہے۔

کنگ خان کے پروڈکشن ہاؤس کے تحت کئی فلمیں بنی ہیں لیکن اب حال ہی میں کنگ خان اور ہدایت کار کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤسز کے بینر تلے بننے والی فلم نے دونوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

شاہ رخ خان اور کرن جوہر حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’اتفاق‘ کے پروڈیوسرز ہیں جس میں اداکارہ سوناکشی سنہا، اکشے کھنہ اور سدھارت ملہوترا نے مرکزی کردار کیا ہے۔

فلم کا تشہیری پوسٹر جس پر اعتراض کیا گیا— فوٹو فلم پوسٹر

فلم بھی رواں ماہ 3 نومبر کو نمائش کے لیے پیش کی گئی اور فلم نے باکس آفس پر بھی متوازن کمائی کی ہے لیکن اب 10 روز بعد بھارتی ریاست دلی کی حکومت نے فلم کو قانونی نوٹس اور ای میل بھیج دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلی حکومت کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے فلم ’اتفاق‘ کے پروڈیوسرز کو نوٹس جاری کیا ہے جس کے مطابق فلم کے ایک تشہیری پوسٹر میں اداکار اکشے کھنہ سگریٹ جلا رہے ہیں جو کہ سگریٹ نوشی کے فروغ کا باعث بن رہی ہے لہٰذا فلم کے پوسٹر کو سوشل میڈیا سمیت دیگر جگہوں سے 4 روز میں ہٹایا جائے ورنہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔

فلم ’اتفاق‘ کی ہدایت کاری ابھے چوپڑا نے کی ہے اور اب تک بھارتی باکس آفس پر 35 کروڑ سے زائد کی کمائی کرلی ہے۔

مزید خبریں :