پاکستان
Time 13 نومبر ، 2017

ایم کیو ایم پاکستان کا علی رضا عابدی کو منانے کا فیصلہ

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پی ایس پی سے انتخابی اتحاد کے اعلان کے بعد استعفیٰ دینے والے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کو منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے انتخابی اتحاد کے اعلان کے بعد علی رضا عابدی نے اپنی جماعت چھوڑنے اور اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم دونوں جماعتوں کے درمیان بننے والا سیاسی اتحاد 24 گھنٹے بھی نہ چل سکا۔

علی رضا عابدی کا کہنا ہے کہ سیاسی اور ذاتی وجوہات کی بنا پر قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑ رہا ہوں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفیٰ بھجوانے والے علی رضا عابدی کا مزید کہنا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ کسی قسم کے انتخابی الائنس کا حصہ نہیں بن سکتا۔

دوسری جانب اسپیکر قومی سردار ایاز صادق نے ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی علی رضا عابدی کو استعفے کی تصدیق کے لیے بلا لیا ہے جب کہ ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے رہنما کو منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسمبلی رکنیت سے استعفے کی وجہ بتاتے ہوئے علی رضا عابدی کا کہنا تھا کہ کراچی میں اپنے حلقے کے عوام کے لیے کچھ نہیں کرسکا، 4 سال سے جاری آپریشن، مداخلت اور اس کے نتائج استعفے کی وجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے نتائج اور بلدیاتی حکومت کے اختیارات بھی استعفے کی وجہ ہیں۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے استعفے کی تصدیق کے لئے علی رضا عابدی کو بدھ کو 4 بجے طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ علی رضا عابدی قومی اسمبلی کی نشست این اے 251 سے کامیاب ہوئے تھے۔ 

علی رضا عابدی کے استعفے کا عکس:


مزید خبریں :