کراچی میں چاقو سےخوف پھیلانے والا ملزم تاحال مفرور

کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک عرصے تک خوف و ہراس پھیلانے والا چھری مار تاحال نہیں مل سکا جبکہ پولیس نے تلاش سے ہاتھ اٹھالیے۔

پولیس کی جانب سے شارع فیصل، گلستان جوہر اور عزیز بھٹی تھانے میں درج 5 مقدمات داخل دفتر کرنے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرادی گئی۔

پولیس کی جانب سے ضابط فواجداری کی دفعہ 497 کے تحت جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مقدمات میں گرفتار ملزم شہزاد کے خلاف دوران تفتیش شواہد نہیں ملے لہذا ملزم کو رہا کیا جائے جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم شہزاد کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

پولیس نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ مستقبل میں اگر کوئی ملزم کیس میں گرفتار ہوا تو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

عدالت نے پولیس کی رپورٹ منظور کرتے ہوئے مقدمات داخل دفتر کرنے کا حکم دے دیا۔

کراچی میں نامعلوم حملہ آور کے حملوں میں 10 سے زائد خواتین زخمی ہوئی تھیں، ایک وقت ایسا بھی آيا کہ شہر بھر کی پولیس کو ملزم کی تلاش میں چوکنا کردیا گیا ۔

ہیلمٹ پہن کر موٹرسائیکل سوار ملزم خواتین کو عقب سے نشانہ بناتا اور زخمی کرنے کے بعد فرار ہوجاتا تھا۔

اس سے قبل پولیس نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ خواتین کو نشانہ بنانے والا ملزم نفسیاتی ہے جب کہ سندھ حکومت نے ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے والے شخص کے لئے 5 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا تھا۔ 

مزید خبریں :