دنیا
Time 14 نومبر ، 2017

ایران-عراق سرحدی علاقوں میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 530 سے زائد ہو گئی

فوٹو: بشکریہ آئی آر این اے

ایران اور عراق کے سرحدی علاقوں میں دو روز قبل آنے والے ہولناک زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 530 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ہزاروں افراد اب تک زخمی ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر این اے کی رپورٹ کے مطابق ہلاکت خیز زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار ہے جب کہ ایران کے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے کرمان شاہ میں امدادی آپریشن بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایرانی صدر حسن روحانی نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔


ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے زلزلے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرنے والے اور امداد کی پیش کش کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک جو صورت حال ہے ہم اس پر خود قابو پا سکتے ہیں۔


جواد ظریف نے مدد کی پیش کش کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام ممالک کی جانب سے کی جانے والی پیش کشوں کو یاد رکھیں گے۔

خیال رہے کہ اتوار کے روز ایران اور عراق کے سرحدی علاقوں میں آنے والے 7.3 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔ زلزلے کے باعث سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ایران کے صوبے کرمان شاہ میں ہوا ہے۔

مزید خبریں :