دنیا
Time 14 نومبر ، 2017

سابق خلیجی اتحادیوں کے بغیر بھی ہزار گنا بہتر ہیں، امیر قطر

فوٹو: فائل بشکریہ مڈل ایسٹ مانیٹر

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے کہا ہے کہ ہم سابق خلیجی اتحادیوں کے بغیر بھی ہزار گنا بہتر ہیں۔

قطر کی ایوان بالا یعنی شوریٰ کونسل سے خطاب کرتے ہوئے شیخ تمیم بن حماد الثانی کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے اپنے ملک کے لیے ہر قسم کی منصوبہ بندی کر لی ہے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ سابق اتحادیوں کے جاری تنازع کافی عرصے تک چل سکتا ہے۔

شیخ حماد الثانی نے کہا کہ ہمیں ان ممالک کی جانب سے بائیکاٹ کا خوف نہیں ہے، اور ہم ان ممالک کے بغیر بھی ہزار گنا بہتر ہیں لیکن اس صورت حال پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

امیر قطر نے کہا کہ ان کی حکومت غذائی سیکیورٹی کے حوالے سے کئی منصوبے متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے اور پانی کے مسئلے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ قطر اپنی غذائی اور پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دیگر ممالک پر انحصار کرتا ہے۔

ایران اور ترکی کے بعد اسپین نے بھی قطر کی غذائی اشیا کی درآمدات کو پورا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس جون میں سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کر دیے تھے جب کہ یو اے ای نے قطر کے ساتھ اپنی سرحد کو سیل کردیا تھا۔

سعودی اتحادیوں کی جانب سے قطر پر شدت پسندوں کی مدد کا الزام عائد کیا جاتا ہے تاہم قطر ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے اس تنازع کو اپنی سلامتی پر حملہ قرار دیتا ہے۔

دنیا میں ایل این جی کے سب سے بڑے ایکسپورٹر قطر کا کہنا ہے کہ وہ سابق اتحادیوں اور تجارتی شراکت داروں کے بائیکاٹ کے باوجود ان تنازعات کا مقابلہ کر سکتا ہے۔

فٹبال ورلڈ کپ 2022 کے میزبان ملک قطر کا کہنا ہے کہ اس کی معیشت اس قدر مستحکم ہے کہ وہ تمام تنازعات پر قابو پا لے گا۔

مزید خبریں :