پاکستان
Time 15 نومبر ، 2017

اسلام آباد میں دھرنے کا 10 واں روز، شہری مشکلات کا شکار

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ایک بار پھر دھرنے کا سامنا ہے اور جابجا رکھے کنٹینرز اور بند سڑکوں کی وجہ سے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری نے اس مسئلے کے جلد حل کی یقین دہانی کروائی ہے۔

فیض آباد انٹرچینج پر ایک مذہبی و سیاسی جماعت کی جانب سے دھرنا دسویں دن میں داخل ہو گیا ہے، جس میں وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

دھرنے کے باعث راولپنڈی-اسلام آباد کا رابطہ منقطع ہے اور شہری متبادل راستے ڈھونڈنے پر مجبور ہیں۔

دھرنے کے باعث کئی روز سے میٹرو سروس بھی معطل ہے۔

خواتین ، طلبہ اور ڈیوٹی پر جانے والے افراد کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔

مظاہرین کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جاچکا ہے تاہم صورتحال دسویں روز بھی جوں کی توں ہے، مظاہرین سے اب تک نہ تو راستے کھلوائے گئے ہیں اور نہ کوئی مذاکرات کیے گئے۔

گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ نظم ونسق کو چلنے دیں اور معمولات زندگی کو بحال ہونے دیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام مسلمانوں کا ختم نبوت پرپختہ یقین ہے، حلف نامے میں ہونے والی غلطی کا فورا نوٹس لے کر اسے دور کردیا گیا، اگر کسی کو کوئی شک و شبہ ہے تو آئے اور ہم سے بات کرے۔

دھرنے والوں سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل

وفاقی وزیر برائے کیڈ طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ دھرنے والوں سے بات چیت کے لیے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر راجہ ظفرالحق کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس پر علماء نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

وزیر کیڈ کا کہنا تھا کہ علماء نے کمیٹی ممبران مشاہد اللہ اور احسن اقبال پر بھی اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو نتائج آئیں گے، انہیں تسلیم کیا جائے گا۔

طارق فضل چوہدری کے مطابق انہیں اس بات کا احساس ہے کہ جڑواں شہروں کے عوام مشکلات کا شکار ہیں اور اسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں رسائی تک مشکل پیش آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ مسئلے کو پر امن طریقے سے حل کیا جائے۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ آئندہ چند دن میں چھان بین کے بعد رپورٹ شائع کردی جائے۔

متبادل ٹریفک پلان جاری

دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق دھرنے کے باعث مختلف مقامات سے سڑکوں کو بند کیا گیا ہے، لہذا شہری کسی بھی دشواری سے بچنے کے لیے متبادل راستے استعمال کریں۔

ٹریف پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے پلان کے مطابق لاہور سے آنے والا ہیوی ٹریفک روات ٹی کراس سے راولپنڈی کی جانب راستہ اختیار کرےجبکہ پشاور سے آنے والا ہیوی ٹریفک 26 نمبر چونگی سے موٹر وے پر ڈال دیا جائے گا۔

مزید کہا گیا کہ راول ڈیم چوک سے فیض آباد کی جانب دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند ہے، لہذا راول ڈیم چوک سے پارک روڈ، ترامڑی، لهتراڑ روڈ کهنہ، ایکسپریس ہائی وےاستعمال کیا جائے۔




مزید خبریں :