دنیا
Time 15 نومبر ، 2017

بھارتی مہم جو، شمالی افریقہ میں واقع زمین کی پٹی کا 'بادشاہ' بن گیا

بیر تاول کے 'نئے بادشاہ' سوئیش ڈکشٹ 6 گھنٹے کی مسافت طے کرکے یہاں پہنچے—۔فوٹو/ بشکریہ سوئیش ڈکشٹ فیس بک پیج

ایک بھارتی مہم جو نے شمالی افریقہ میں واقع زمین کی ایک غیر منقولہ پٹی کی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنی 'بادشاہت' کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب انہوں نے دلچسپی رکھنے والوں کو 'اپنی ریاست' کی شہریت اختیار کرنے کی دعوت بھی دے ڈالی۔

دی ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی شہری سوئیش ڈکشٹ نے ہزاروں میل کا سفر کیا اور مصر اور سوڈان کے درمیان واقع 800 اسکوائر میل کے رقبے پر واقع علاقے بیر تاول پہنچ کر وہاں کی ملکیت کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ بیر تاویل سیارہ زمین کی واحد جگہ ہے جہاں انسان رہائش اختیار کرسکتے ہیں، لیکن یہ کسی ریاست یا ملک کی ملکیت نہیں ہے۔

بیر تاول کے نئے 'حکمران' نے یہاں کا سفر کرنے کے لیے کافی مشکلات کا سامنا کیا، جس کے لیے انہیں ایک ڈرائیور کو راضی کرنا پڑا، تاکہ وہ انہیں اس صحرائی علاقے تک پہنچا سکے۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا، 'جس روٹ پر میں نے سفر کیا، وہ مصری فوج کے زیر اثر اور دہشت گردوں کا علاقہ تصور کیا جاتا ہے، لہذا حکومت نے فوج کو مشکوک افراد کو دیکھتے ہی گولی مار دینے کا حکم دے رکھا ہے'۔

ان کا کہنا تھا، 'ہمیں 3 آپشنز دیئے گئے تھے، فوجی علاقوں کی کوئی تصویر نہیں کھینچی جائے گی، ایک دن میں واپسی ہوگی اور کوئی قیمتی چیز نہیں لے جائی جائے گی'۔

بیر تاول کے 'نئے بادشاہ' 6 گھنٹے کی مسافت طے کرکے وہاں پہنچے اور اپنا پرچم لہرانے اور صحرائی زمین پر کچھ بیج بونے کے بعد 'ڈکشٹ کی ریاست' قائم کی اور خود کو وہاں کا حکمران قرار دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا، 'قدیم تہذیبوں کے قواعد و قوانین کے مطابق اگر آپ کسی زمین کی ملکیت کا دعویٰ کرنا چاہیں تو آپ کو وہاں فصل اگانی پڑے گی، میں نے کچھ بیج لگا کر انہیں پانی دیا ہے اور اب یہ میری ہے'۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کے عطیات اور ماڈرن سائنس کی مدد سے ہم یہاں سب سے زرخیز زمین اور ماحولیات کے حوالے سے حساس قوم بنائیں گے۔

ڈکشٹ کا کہنا تھا، 'میں یہاں کا بادشاہ ہوں، یہ کوئی مذاق نہیں ہے، میں ایک ملک کا مالک ہوں، اب وقت ہے کہ اقوام متحدہ کو ایک خط لکھا جائے'۔

واضح رہے کہ ڈکشت پہلے شخص نہیں ہیں، جنہوں نے اس زمین کی ملکیت کا دعویٰ کیا ہے، اس سے قبل 2014 میں ایک امریکی شخص نے بھی اس نیت سے یہاں کا دورہ کیا تھا تاکہ اپنی بیٹی کو 'ریاست شمالی سوڈان' کی شہزادی بناسکے۔

تاہم ایک ماہر قانون اینتھونی آرنڈ کے مطابق عالمی قوانین کی رُو سے صرف ایک ریاست ہی کسی زمین کی ملکیت کا دعویٰ کرسکتی ہے۔


مزید خبریں :