پاکستان
Time 17 نومبر ، 2017

کراچی: حسن اسکوائر میں فائرنگ سے 2 بھائی زخمی

کراچی کے علاقے حسن اسکوائر میں فائرنگ سے دو سگے بھائی زخمی ہوگئے۔

پولیس کو جائے وقوع سے دو متاثرہ گاڑیاں ملی ہیں جن کے شیشے مختلف چیزوں کی ضرب سے ٹوٹے ہوئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر حسن اسکوائر کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 سگے بھائی اسماعیل اور سہیل زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا یا جھگڑے کے دوران،  اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ ایک گاڑی میں سوار افراد کی جانب سے کی گئی، علاقہ مکینوں کے مطابق سفید رنگ کی ہنڈا گاڑی کو تیزرفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا اور وہ ڈرائیور سے بے قابو ہوکر فٹ پاتھ پر چڑھ گئی۔

حادثے کاشکار گاڑی کو دیکھ کر کچھ لوگ گاڑی کی طرف لوٹنے یا مدد کرنے کی نیت سے آئے جبکہ حادثے کا شکار گاڑی کی مدد کے لیے دوسری گاڑی بھی موقع پر پہنچ گئی۔

اسی دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اور دو بھائی سہیل اور اسماعیل زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کےلیے ابتداء میں جناح اسپتال اور پھر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیاگیا جہاں دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

ادھر گاڑیوں پر گولی کا کوئی نشان موجود نہیں، صرف ڈنڈے اور پتھروں کے نشانات ہیں جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

پولیس نے جائے حادثہ پر موجود دونوں گاڑیوں کوتحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے اور تفتیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے گاڑی مالکان کی تلاش شروع کردی ہے۔


مزید خبریں :