پاکستان
Time 17 نومبر ، 2017

تربت میں 15 افراد کے قتل میں ملوث دہشتگرد مارا گیا، آئی ایس پی آر

تربت میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد یونس توکلی—۔فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: تربت میں ایف سی کے خفیہ آپریشن کے دوران حال ہی میں 15 افراد کے قتل میں ملوث دہشت گرد مارا گیا۔

دو روز قبل بلوچستان کے ضلع تربت کے علاقے بلیدہ سے 15 افراد کی لاشیں ملی تھیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا، یہ تمام افراد مزدور پیشہ تھے اور ان کا تعلق پنجاب سے تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایف سی بلوچستان نے تربت کے گاؤں عبدالرحمان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق محاصرے کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی، تاہم جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد یونس توکلی مارا گیا۔

آئی ایس پر آر نے بتایا کہ ایف سی کا دہشت گردوں سے مقابلہ اُس مقام پر ہوا جہاں سے گزشتہ روز 15افراد کی لاشیں ملی تھیں، یہ علاقہ بلیدہ کے 20 کلومیٹر مغرب اور25 کلومیٹرشمال میں واقع ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلے میں مارا گیا دہشت گرد یونس توکلی بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے 8 بڑے کمانڈرز میں سے ایک تھا اور دو روز قبل تربت میں مارے گئے 15 افراد کے قتل میں بھی ملوث تھا۔



مزید خبریں :