پاکستان
Time 17 نومبر ، 2017

عمران خان پارٹی سے نہیں نکال سکتے، داور خان کنڈی

رکن قومی اسمبلی داور خان کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ویڈیو دیکھ کر انہیں افسوس ہوا، انہوں کوئی الزام عائد نہیں کیا تھا بلکہ حقیقت بیان کی تھی۔

عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام میں پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر داور کنڈی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ داور کنڈی جھوٹ بولتا ہے اور یہ کافی عرصے سے پارٹی سے باہر ہے بلکہ اب ہم اسے پارٹی سے نکال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ داور کنڈی ابھی سے نہیں بلکہ ایک سال سے پارٹی اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف بیانات دے رہا ہے اور پارٹی کے اجلاسوں میں بھی شریک نہیں ہوتا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے داور کنڈی نے کہا کہ میں نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کی اور عمران خان پارٹی سے نہیں نکال سکتے۔

داور کنڈی کے مطابق ان کی درجنوں درخواستیں پارٹی کمیٹی کے پاس موجود ہیں اس پر کچھ نہیں ہوا اور عمران خان ان سے ملنے سے گریز کرتے ہیں۔

’عمران خان نے مجھے کہا کہ میں تمہاری مدد نہیں کرسکتا اور تمہاری باتوں کے حوالے سے بے بس ہوں۔‘

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو بر وقت خط لکھ کر تمام صورت حال بتادی تھی۔

داور کنڈی نے کہا کہ وہ ایک مظلوم لڑکی کے ساتھ کھڑے ہیں جس کے ساتھ بے حرمتی ہوئی اور کوئی اس واقعے کے ہونے سے متعلق انکار نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی اور ڈی پی او نے چالان مکمل کرلیا ہے اور کیس میں 8 ملزمان کو اب تک گرفتار کیا گیا ہے جبکہ واقعے کے پہلے روز متاثرہ خاندان پر ہی ایف آئی آر کاٹی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ لڑکی کے چچا کا کہنا ہے کہ علی امین ملزمان کی پشت پناہی کررہا ہے۔

مزید خبریں :