پاکستان
Time 18 نومبر ، 2017

کراچی سرکلر ریلوے کے قیام میں رکاوٹ کی ذمہ دار وزارت ریلوے ہے، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں سرکلر ریلوے کی تاخیر کی ذمہ دار وزارت ریلوے ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزارت ریلوے کراچی سرکلر ریلوے کے قیام میں مشکلات پیدا کر رہی ہے اور میں وزارت ریلوے کو واضح طور پر بتا دینا چاہتا ہوں کہ اگر زمین کا قبضہ دینے سے انکار کیا گیا تو یہ زمین کراچی سرکلر ریلوے کے لیے واپس لے لی جائے گی۔

سندھ سیکریٹریٹ میں سی پیک سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ریلوے اتھارٹیز کراچی اربن ٹرانسپورٹ کمپنی صوبائی حکومت کے حوالے کرنے سے گریزاں ہے۔

ریلوے اتھارٹیز سٹی اسٹیشن تا ڈرگ روڈ اسٹیشن ریلوے ٹریک کا حصہ بھی کراچی سرکلر ریلوے کے لیے حوالے کرنے سے گریزاں ہے۔

اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزارت ریلوے کبھی بھی کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے مخلص نہیں رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ پہلے دن سے ہی کراچی سرکلر ریلوے کے قیام کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اس پر سی پیک کے تحت عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں ریلوے کی زمین کا تعلق صوبائی حکومت سے ہے اور یہ صرف صوبے اور بالخصوص کراچی کے لوگوں کے مفاد کے لیے استعمال ہو گی۔ انہوں نے چیف سیکریٹری رضوان میمن کو ہدایت کی کہ وہ ریلوے اتھارٹیز کے ساتھ بات کریں۔

مزید خبریں :