پاکستان
Time 18 نومبر ، 2017

اسحاق ڈارعلیل، وزارت خزانہ کا قلمدان وزیراعظم کے پاس ہے، ترجمان

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مستعفی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جس پر ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے وضاحت دی گئی ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وزارت سے مستعفی ہونے کی اطلاعات پر وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہےکہ اسحاق ڈار کی علالت کے باعث قلمدان وزیراعظم کے پاس ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈارکی علالت کے باعث رولزکے تحت وزارت خزانہ کا قلمدان پہلے ہی وزیر اعظم کے کنٹرول میں چلا گیا، وزیراعظم وزارت خزانہ سے متعلق تمام معاملات احسن طریقے سے نبھارہے ہیں اور تمام امور پربریفنگ لے رہے ہیں۔

ترجمان مصدق ملک نے کہا کہ عدالتی احکامات کی صورت میں اسحاق ڈارکا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا جائزہ لیا جائےگا، وزرا پرالزامات لگتے ہیں، ایسے توساری کابینہ کا نام ای سی ایل میں آجائے گا۔

جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وزارت کے معاملات وزارت ہی دیکھ رہی ہے لیکن کوئی پالیسی ساز فیصلہ وزیراعظم کے پاس آتا ہے اور اس پر کام ہورہا ہے، کوئی پالیسی ساز فیصلے میں تاخیر نہیں ہورہی ہے۔

بلیغ الرحمان کو نئی ذمہ داریاں مل گئیں

دوسی جانب وزیراعظم نے وزیرخزانہ کا پارلیمانی بزنس نمٹانے کی ذمہ داری بلیغ الرحمان کوسونپ دی، وزیراعظم نے بلیغ الرحمان کوسینیٹ اور قومی اسمبلی میں وزارت خزانہ کے امور کا جواب دینےکی ہدایت کی ہے۔

جیونیوز سے گفتگو میں وزیر تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان نے نئی ذمہ داریاں ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نےپارلیمانی بزنس نمٹانےکی ذمہ داری سونپی ہے۔

واضح رہےکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس زیر سماعت ہے جس میں ان پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے جب کہ عدالت سے مسلسل غیر حاضری پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوچکے ہیں۔

نیب نے اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔

نوٹ: جیونیوز نے پہلے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے استعفیٰ دینے کی خبر نشر کی جو درست ثابت نہ ہونے پر قارئین سے معذرت خواہ ہیں۔

مزید خبریں :