پاکستان
Time 18 نومبر ، 2017

شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز کو خط

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کے لیے نیب ہیڈ کوارٹرز کو خط لکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے نیب ہیڈ کوارٹرز کو یاد دہانی کا خط موصول ہو گیا۔

خط میں کہا گیا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے نام ای سی ایل پر ڈالے جائیں۔

شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو سفارش بھجوانے یا نہ بھجوانے کا فیصلہ نیب ہیڈ کوارٹرز کرے گا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے رواں برس 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لیے نااہل قرار دیا تھا، دوسری جانب نیب کو نواز شریف، ان کے بچوں، داماد اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس قائم کرنے کا حکم دیا تھا۔

جس کے بعد نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔

ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس لندن فلیٹس کی ملکیت سے متعلق ہے، اس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں حسن نواز، حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

دیگر دو ریفرنسز میں العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور آف شور کمپنیوں کی ملکیت سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ شامل ہیں، ان دونوں ریفرنسز میں نوازشریف سمیت ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :