سری دیوی کی بیٹی کی ڈیبیو فلم پر سجل علی کا نیک خواہشات کا اظہار

پاکستان کی معروف اداکارہ سجل علی (بائیں) اور بھارتی اداکارہ جھانوی کپور (دائیں)—۔

پاکستان کی خوبرو اداکارہ سجل علی نے معروف بالی وڈ اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور کی ڈیبیو فلم 'دھڑک' کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سجل علی نے رواں برس بالی وڈ فلم 'موم' میں سری دیوی کے ساتھ کام کیا تھا، جس میں انہوں نے سری دیوی کی بیٹی کا کردار نبھایا تھا۔

گزشتہ روز سجل نے اپنی ایک انسٹاگرام  پوسٹ کے ذریعے جھانوی کپور کی ڈبییو فلم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

سجل نے مداحوں کے لیے جھانوی کپور اور فلم میں ان کے ساتھی اداکار ایشان کی تصویر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا، 'مجھے فخر ہے کہ جھانوی ڈیبیو فلم کر رہی ہے'، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا، 'مجھے یقین ہے کہ وہ کسی بھی اسٹار سے زیادہ بہتر کام کریں گی'۔


واضح رہے کہ بالی وڈ فلم 'موم' کی ریلیز کے موقع پر سری دیوی نے بھی سجل علی کے لیے پیغام دیا تھا۔

اپنے ایک جذباتی ویڈیو پیغام میں سری دیوی کا کہنا تھا کہ وہ سجل علی اور عدنان صدیقی کو بہت یاد کر رہی ہیں، سری دیوی نے پاکستانی اداکاروں کے کام کو بھی خوب سراہا تھا۔


  پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باوجود بھی دونوں ممالک کے فنکار اکثر وبیشتر ایک دوسرےکی حمایت اور انہیں سراہنے کے لیے آواز اٹھاتے نظر آتے ہیں، جو بلاشبہ ایک خوش آئند بات ہے۔

مزید خبریں :